گیت گائیں گے تو ٹیکسی چلے گی
10 جولائی 2018فن لینڈ کے شہر ’ترکو‘ میں ایک ایسی ٹیکسی سروس متعارف کرائی گئی ہے، جس میں مسافروں کوکراؤکے کی سہولت دستیاب ہے۔ ان ٹیکسیوں میں بیٹھنے والے افراد کا گیت گانا ضروری ہے ورنہ ٹیکسی چل نہیں سکے گی۔
یہ تمام کاریں برقی ہیں۔ توپیاس اوسیپیری ایک ایسی ہی ٹیکسی چلا رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’یہ گاڑی اس وقت نہیں چلتی جب تک گانا شروع نہ کیا جائے۔ یعنی یہ گائے بغیر ہلتی ہی نہیں۔‘‘ وہ مزید بتاتے ہیں کہ مسافر گاڑی میں بیھٹنے کے فوری بعد ان گانوں کی ایک فہرست تیار کر سکتے ہیں، جنہیں وہ دوران سفر گنگنانا چاہتے ہیں۔
اوسیپیری کہتے ہیں کہ گنگنانا بند انجن بھی بند۔ توانائی کی ایک کمپنی فورٹم ’سنگ الونگ شٹل‘ نامی اس منصوبے میں تعاون فراہم کر رہی ہے۔ اس کمپنی کے بقول اس کا مقصد بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے تاکہ فضا میں ضرر رساں گیسوں کی مقدار کو کم سے کم کیا جا سکے۔
فرورٹم کے برانڈ منیجر یوسی ماکائی کے مطابق ٹیکسیوں میں بیٹھنے والے گلوکار مسافروں کو ایک فائدہ اور بھی ہے، ’’وہ یہ کہ الیکٹرک کاریں بہت خاموشی سے چلتی ہیں اور پس منظر میں شور نہ ہونے کی وجہ سے وہ موسیقی سے زیادہ بہتر انداز میں لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔‘‘