ہیڈلی کو سخت سزا نہ ملی تو بھارت احتجاج کرے گا
19 مارچ 2010جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں پلائی نے کہا کہ ہیڈلی کو بھارت کے حوالے نہ کرنے اور بھارتی تفتیش کاروں کو ہیڈلی تک رسائی نہ دینے کے بعد نئی دہلی واشنگٹن سے ہیڈلی کے لئے سخت ترین سزا کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ڈیل کے نتیجے میں ہیڈلی کی سزا میں نرمی نہیں کی جانی چاہیے۔ پلائی نے یہ بھی کہا کہ اگر ہیڈلی کو سخت سزا سنائی جاتی ہے تو بھارتی تفتیش کاروں کے لئے ہیڈلی تک رسائی قدرے آسان ہوجائے گی۔
بھارتی سیکریٹی داخلہ کی جانب سے یہ بیان ان افواہوں کے بعد سامنے آیا، جن میں کہا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر ہیڈلی شدت پسند گروہوں کے ساتھ ساتھ امریکی خفیہ اداروں کے لئے بھی کام کرتا رہا ہے، اور شاید اسی لئے اس کی سزا میں نرمی کے لئے اسے اقبال جرم کے لئے راضی کیا گیا ہے۔ ہیڈلی کے ’’ڈبل ایجنٹ‘‘ ہونے کی قیاس آرائیوں کے جواب میں پلائی نے کہا کہ اس وقت یہ تمام خبریں افواہوں سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت امریکہ کے اس موقف پر اعتماد رکھتا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہیڈلی امریکی ایجنٹ نہیں ہے۔’’اب تک امریکہ نے بھارت کی بھرپور مدد کی ہے اور ہمیں وہ تمام معلومات مہیا کی گئیں ہیں، جو ہم نے امریکہ سے مانگی تھیں۔‘‘
پلائی نے کہا کہ بھارت امریکہ سے ہیڈلی تک رسائی کا مطالبہ کرتا رہے گا اور ساتھ ہی ساتھ امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے سے بھی معلومات حاصل کی جاتی رہیں گی۔
رپورٹ: عاطف توقیر/خبر رساں ادارے
ادارت: گوہر نذیر گیلانی