یورپی سرحدی حفاظتی ایجنسی میں جلد توسیع ناگزیر، یُنکر
3 جولائی 2018جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق یہ بات یُنکر نے آج یورپی پارلیمان سے ایک خطاب میں کہی ہے۔ یورپی کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے ميں یورپی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس میں سن 2020 تک مزید دس ہزار اہلکاروں کی بھرتی کے علاوہ اسے اضافی ہوائی اور بحری جہازوں اور زمینی ٹرانسپورٹ سے لیس کرنا بھی شامل ہے۔
یُنکر کا کہنا تھا کہ اس کام کو آئندہ کچھ دنوں یا ہفتوں میں ہو جانا چاہیے۔
یورپی کمیشن کی جانب سے یورپی یونین ممالک کی بیرونی سرحدوں کی مشترکہ حفاظت کی تجویز سن 2008 میں بھی پیش کی جا چکی ہے اور سن 2013 ، 2015 میں بھی۔ ان تجاویز کو یورپی پارلیمان کے سامنے رکھا گیا ہے۔ تاہم ماضی میں ايسے چند ايک ممالک و خطے اس تجویز کی مخالفت کرتے آئے ہيں، جہاں جرمن زبان بولی جاتی ہے۔
یُنکر کا کہنا تھا کہ اگر ان تجاویز پر پہلے سے عمل کر لیا جاتا تو بہت سے مسائل سے بچا جا سکتا تھا۔
گزشتہ ہفتے برسلز میں ہوئے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں تمام اٹھائیس ریاستوں نے غیر قانونی مہاجرت سے بچنے کے لیے یورپی بلاک کی بیرونی سرحدوں کی حفاظت کو ترجیح قرار دیتے ہوئے فرنٹیکس کی توسیع پر اتفاق کیا۔ اس سے قبل یورپی کمیشن فرنٹیکس میں مزید دس ہزار اہلکاروں کی تعیناتی سن 2027 تک کرنا چاہتا تھا تاہم اب یہ توسیع اٹھارہ ماہ میں کرنی ہو گی۔
دوسری جانب یورپی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس کے سربراہ فابریس لیگیری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس ميں ہونے والی پيش رفت فیصلہ کن موڑ ہے۔ یہ بات انہوں نے فرانسیسی ٹی وی ’سی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین نے ہمیشہ انسانی بنیادوں پر مدد کو ترجیح دی ہے، اس بات کو نظر انداز کرتے ہوئے کہ انسانی اسمگلر اور جرائم پیشہ افراد اس بات کا فائدہ کیسے اٹھاتے ہیں۔
ص ح / ع س / ڈی پی اے