یورپی فٹ بال کلبوں میں سبقت کی جنگ جاری
27 ستمبر 2011چیمپیئنز لیگ کے سلسلے میں آج اور کل کے لیے مجموعی طور پر آٹھ آٹھ مقابلے شیڈیول کیے گئے ہیں۔ بدھ کو بارسیلونا کا مقابلہ بیلاروس کے قدرے کمزور کلب باٹی سے ہوگا، جس میں اس کی جیت کے امکانات خاصے روش ہیں۔ بارسلونا کے کوچ پیپ گاردیولا کا کہنا ہے کہ اگرچہ حریف زیادہ مضبوط نہیں تاہم پھر بھی حد سے زیادہ اعتماد باعث شکست ہوسکتا ہے۔
’’ ہم ناقابل شکست نہیں، کوئی بھی ٹیم ہمیں شکست دے سکتی ہے، تاہم اگر ہم تمام چیزیں درست انداز میں کریں تو ہمیں دیکھنے کے لیے آنے والے مداحوں کا وقت اچھا گزرے گا، جو سب سے زیادہ اہم بات ہے۔‘‘
چیمپنز لیگ کی جاری چیمپئن شپ میں بارسیلونا اور اے سی میلان کا گزشتہ مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا جبکہ اٹلانٹیکو میڈرڈ کے خلاف بارسیلونا کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے شاندار فتح ملی۔ اس میچ میں بارسیلونا کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔ اس جیت کے متعلق کوچ گاردیولا کہتے ہیں، ’’ ہم اُن کے خلاف بہت اچھا کھیلے تھے مگر ہمیں دوبارہ ایسا ہی کھیلنا ہے،اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ہم اسی معیار کو برقرار رکھ سکتے ہیں؟ یہی اس سال کا امتحان ہے۔‘‘
بارسیلونا کے کے برعکس اطالوی کلب اے سی میلان اور انگلش کلب آرسنل سرتوڑ بازی لگاکر چیمپیئنز لیگ کے دوسرے راؤنڈ میں اپنی ساکھ بحال رکھنے کی جستجو کرتے نظر آئیں گے۔ میلان کے مقابلے پر چیک جمہوریہ کا کلب فلیزن ہے جبکہ آرسنل کا مقابلہ یونانی کلب اولمپیاکوس سے ہوگا۔
اسی طرح انگلش کلب چیلسی بھی اب تک کے اپنے سخت ترین مقابلے کی تیاریوں میں ہے۔ اس کے مقابلے پر ہسپانوی کلب ویلنسیا ہے۔ جرمن کلب بائر لیور کوزن کو صفر کے مقابلے میں دو اور اپنے ہم وطن کلب سوانسی کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرانے کے بعد چیلسی گروپ ای میں سرفہرست ہے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عابد حسین