انتونیو تاجانی لیبیا میں مہاجرین کے مراکز کے قیام کے حامی
27 فروری 2017یورپی پارلیمان کے نئے سربراہ انتونیو تاجانی کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے یورپی یونین کو لیبیا کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ پیر کے روز جرمن اخبارات میں شائع ہونے والے اپنے ایک بیان میں تاجانی نے کہا کہ ان مراکز میں بنیادی انسانی ضرورتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ یورپ پہنچنے کی کوشش سے قبل ہی ان مہاجرین کو ان مراکز میں پہنچا دیا جانا چاہیے اور وہاں ڈاکٹرز تعینات کیے جانا چاہییں جب کہ ادویات اور دیگر ضروری اشیاء بھی بہم پہنچائی جانا چاہییں۔ لیبیا سے ہزاروں افراد شکستہ کشتیوں کے ذریعے اطالوی جزائر کا رخ کر رہے ہیں، جب کہ گزشتہ برس اس سفر کے دوران ریکارڈ تعداد میں تارکین وطن بحیرہء روم کی موجوں کی نذر ہو گئے تھے۔ یورپی پارلیمان کے نئے سربراہ خود بھی اٹلی سے تعلق رکھتے ہیں۔
اپنے اس بیان میں تاجانی نے کہا، ’’ان مراکز کے لیے سرمایہ موجود ہونا چاہیے، تاکہ وہاں رہنے والے تارکین وطن کئی ماہ یا برس پورے انسانی احترام کے ساتھ وہاں گزار سکیں۔‘‘ تاہم انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ مہاجرین کے یہ مراکز حراستی مراکز ہرگز نہیں ہونا چاہییں۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی افریقہ میں شدت پسند گروہ بوکوحرام کی کارروائیوں کے تناظر میں ترک وطن پر مجبور ان تارکین وطن کی بھرپور امداد کی جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افریقہ سے تارکین وطن کی یورپی یونین کی جانب نقل مکانی کو روکنے کے لیے کئی ارب یورو درکار ہوں گے۔ ’’ہمیں ایک طرح سے مارشل پلان کی ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا، ’’اب وقت ہے کہ ہم آج اقدامات کریں ورنہ اگلے بیس برسوں میں افریقہ سے یورپ پہنچنے والوں کی تعداد کئی ملین تک پہنچ جائے گی۔‘‘
تاجانی کا کہنا تھا کہ اربوں یورو کے سرمائے سے زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی افریقی ممالک کی مدد کی جانا چاہیے۔ تاجانی کے مطابق جدید زراعت اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے اقتصادی اور سفارتی حکمتِ عملی کے تحت اس انسانی بہاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔