یورپی کمیشن کی سربراہ نے نئے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا
17 ستمبر 2024یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے آج منگل 17 ستمبر کو کمیشن کے 27 ارکان پر مشتمل ناموں کی فہرست پیش کر دی ہے۔ اس فہرست میں فرانس کے اسٹیفن سیجورن کو صنعتی حکمت عملی کے کمشنر کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جنھیں پیر کو تھیری بریٹن کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد منتخب کیا گیا۔
اس فہرست میں اٹلی کے سابق وزیر برائے یورپی امور رافیل فٹو کو ہم آہنگی اور اصلاحات کے کمشنر کے ساتھ ساتھ کمیشن کے نائب صدر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ یہ تقرری فان ڈیئر لائن کی اپنے انتہائی دائیں بازو کے عہدیداروں سے ناخوشی کے دعوے کے باوجود کی گئی ہے۔
ہسپانوی سابق وزیر ماحولیات ٹریسا ربیرا کا مسابقتی کمشنر کے طور پر انتخاب کیا گیا ہے اور ساتھ ہی انہیں یورپی اتحاد کے کاربن کے اخراج کے خاتمے اور توانائی کے ماحول دوست ذرائع کی جانب منتقلی کے عمل کی نگرانی کے لیے ایگزیکٹو نائب صدر کا کردار بھی دیا گیا ہے۔
لیتھوانیا کے اینڈریئس کوبیلیس کو نوتشکیل کردہ دفاعی کمشنر کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا، کیونکہ بالٹک ممالک کو روس کی طرف سے ممکنہ خطرات کا سامنا کرنے میں اہم سمجھا جاتا ہے۔
فان ڈیئر لائن نے کہا ہے کہ اس فہرست میں تقریباً 40 فیصد خواتین شامل ہیں۔ یہ تعداد یورپی کمیشن کی صدر کی ان امیدوں پر پوری نہیں اتر سکی، جن کے تحت وہ اپنے ادارے میں عہدوں پر صنفی برابری دیکھنا چاہتی تھیں۔
دوسری مدت کے لیے دشوار راستہ
فان ڈیئر لائن کی جانب سے ان نامزدگیوں کا اعلان فرانس کے تھیری بریٹن کے یورپی یونین کی داخلی مارکیٹ کے لیے کمشنر کے عہدے سے ناراضگی کے ساتھ مستعفی ہونے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
بریٹن نے ایک ناراضگی بھرے خط میں لکھا کہ فان ڈیئر لائن نے پیرس حکومت سے کہا تھا کہ وہ ''ذاتی وجوہات کی بناء پر‘‘ پر ان (تھیری بریٹن) کا نام واپس لے لیں۔ بریٹن کا کہنا تھا کہ فان ڈیئر لائن نے اس معاملے میں ان سے کبھی براہ راست بات نہیں کی۔
خط میں فان ڈیئر لائن پر ''سیاسی سودے بازی‘‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے فرانس کو یورپی یونین کی ایگزیکٹو برانچ میں ''ایک مبینہ طور پر زیادہ با اثر عہدے‘‘ کی پیشکش کی۔ بریٹن نے ان اقدامات کو کمیشن کے اندر ''قابل اعتراض حکمرانی کی مزید گواہی‘‘ قرار دیا۔
فان ڈیئر لائن بڑے پیمانے پر سیاسی کشمکش کے بعد جون میں دوسری میعاد کے لیے یورپی کمیشن کی سربراہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ ان کے نئے کمشنروں کے ناموں کا اعلان بھی محکموں اور پالیسیوں کے بارے میں طویل گفت و شنید کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔
یورپی کمیشن کیا ہے؟
یورپی کمیشن یورپی یونین کی ایگزیکٹو شاخ کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کی سربراہی صدر کرتا ہے، جسے رکن ممالک کے رہنما تجویز کرتے ہیں اور پھر یورپی پارلیمنٹ کے ذریعے منتخب کیا جاتا ہے۔
صدر پھر کابینہ کے مساوی قومی حکومت تشکیل دیتا ہے، جس کے اراکین کو غیر رسمی طور پر کمشنر کے نام سے جانا جاتا ہے، جس میں یورپی یونین کے تمام رکن ممالک کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔ یورپی کمیشن کے ارکان کو قومی حکومتوں میں وزراء یا سیکرٹریوں کی طرح کے قلمدان دیے جاتے ہیں۔
ان کی تقرری یورپی پارلیمنٹ کی منظوری سے مشروط ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 32,000 سرکاری ملازمین کمیشن کے کام میں اس کی معاونت کرتے ہیں۔
ش ر⁄ ا ب ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)